رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ پاکستان سے مزید نتائج کی توقع رکھتا ہے: کلنٹن کا بیان


امریکی عہدے دار،شہزاد کے غیر ملکی دہشت گرد گروہوں کے ساتھ روابط کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہے ہیں

امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ پاکستان سے زیادہ تعاون کی توقع رکھتا ہے، اور انتباہ کیا کہ امریکہ پر کسی کامیاب حملے کے نشانات پاکستان میں ملےک کی صورت میں نتائج سنگین ہوں گے۔

ایک انٹرویو میں جو اتوار کے روز امریکی ٹیلی ویژن چینل سی بی ایس کے پروگرام 60منٹ میں نشر ہوا، کلنٹن نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کی سرحد کے ساتھ علاقے میں دہشت گردوں سے لڑائی میں پچھلے سال اپنی فوجی کاررائیوں میں اضافہ کیا۔

کلنٹن نے کہا کہ پاکستان کی حالیہ کوششوں کے باوجود امریکہ اُس سے مزید کارروائیوں کی خواہش اور توقع رکھتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان پچھلے برسوں میں دوہری چال چلتا رہا ہے۔

امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک ہفتہ پہلے نیویارک کے ناکام کار بم دھماکے میں ملوث فیصل شہزاد نے پاکستان میں بم کی تیاری کی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پاکستانی طالبان جِنھوں نے پہلے اِس دھماکے کی کوشش کی ذمے داری قبول کی تھی جمعرات کے روز فیصل شہزاد سے کسی رابطے کی تردید کی ہے۔ عہدے دار ،شہزاد کے غیر ملکی دہشت گرد گروہوں کے ساتھ روابط کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جمعے کے روز اپنے بیان میں امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا کہ امریکہ اِس بات پر تیار ہے کہ پاکستان کو جتنی بھی فوجی تربیت اور تعاون درکار ہے وہ اُسے فراہم کرے گا۔

گیٹس نے حالیہ دِنوں میں پاکستان کی طرف سے باغیوں کے خلاف کارروائیوں کی تعریف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 18ماہ یا دو برس قبل کی توقعات کے مقابلے میں یہ کوششیں کہیں زیادہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG