رسائی کے لنکس

امریکہ: ہیلری کلنٹن کا وزارتِ خارجہ میں آخری دن


امریکہ کی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن جمعے کو باضابطہ طور پر اپنے عہدے سے دستبردار ہورہی ہیں

امریکہ کی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن جمعے کو باضابطہ طور پر اپنے عہدے سے دستبردار ہورہی ہیں جس کے بعد صدر براک اوباما کی جانب سے نامزد کردہ جان کیری آئندہ چار سال کے لیے یہ منصب سنبھال لیں گے۔

عہدہ چھوڑنے سے کچھ دیر قبل سیکریٹری کلنٹن جمعے کی دوپہر محکمہ خارجہ کی عمارت میں محکمے کے افسران اور ملازمین سے الوداعی خطاب کریں گی۔

اسی دوران میں جان کیری ایک نجی تقریب میں اوباما انتظامیہ کے دوسرے وزیرِ خارجہ کی حیثیت سے اپنی نئی ذمہ داریوں کا حلف اٹھائیں گے۔ وہ پیر سے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

گزشتہ ہفتے امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے سامنے بیانِ حلفی دیتے ہوئے جان کیری نے اپنی پیش رو سیکریٹری کلنٹن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ مس کلنٹن نے اس ذمہ داری کی ادائیگی میں "ان تھک کوشش" کا ایک اعلیٰ معیار قائم کیا ہے۔

ہیلری کلنٹن نے وزیرِ خارجہ کے عہدے سے دستبرداری کے بعد اپنی آئندہ مصروفیات کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی ہیں لیکن قیاس کیا جارہا ہے کہ وہ 2016ء کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ کی امیدوار ہوں گی۔

سابق خاتونِ اول نے 2008ء کے صدارتی انتخاب کے ابتدائی مرحلے میں بھی حصہ لیا تھا لیکن وہ براک اوباما کے مقابلے میں ڈیمو کریٹ کی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔

میساچوسٹس سے منتخب سینیٹر جان کیری امریکہ کے 68 ویں وزیرِ خارجہ ہوں گے۔ اس عہدے پر پہلی تقرری 1789ء میں ہوئی تھی جب اس وقت کے امریکی صدر جارج واشنگٹن نے تھامس جیفرسن کو امریکہ کا پہلا سیکریٹری آف اسٹیٹ نامزد کیا تھا۔

جیفرسن آٹھ سال بعد امریکہ کے صدر منتخب ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG