رسائی کے لنکس

ہلری کلنٹن نیواڈا اور ڈونالڈ ٹرمپ جنوبی کیرولینا میں فاتح


فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش جنوبی کیرولینا پرائمری میں چوتھے نمبر پر رہے اور ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی مہم معطل کرنے اور اس دوڑ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیواڈا میں منعقدہ ’ڈیموکریٹک کاؤکس‘ میں، جو اِس پارٹی کا ’امریکی مغرب‘ میں ہونے والا پہلا صدارتی انتخابی معرکہ ہے، سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کو سبقت حاصل ہوگئی ہے، جہاں اُنھوں نے ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انھوں نے 52.7 جب کہ سینڈرز نے 47.3 فی صد ووٹ حاصل کیے۔

دونوں امیدواروں کی انتخابی مہم نے نیواڈا کو، جو کثیر نسلی ریاست ہے، قومی دھارے کے انتخابی فیصلے کی پرکھ کے قابل معرکہ قرار دیا تھا۔

اب اگلے ہفتے، ہلری کلنٹن ’ڈیموکریٹک پرائمری‘ کے لیے، اضافی جوش کے ساتھ، جنوبی کیرولینا کا رُخ کریں گی۔

ہلری کلنٹن اپنے شوہر سابق صدر بل کلنٹن کے ہمراہ
ہلری کلنٹن اپنے شوہر سابق صدر بل کلنٹن کے ہمراہ

2016ء کی انتخابی مہم کے دوران، ہلری کلنٹن کی یہ دوسری فتح ہے، جس سے قبل اُنھوں نے آئیووا کاؤکس جیتا تھا۔ سینڈرز نے نیوہیپشائر پرائمری بڑی اکثریت سے جیتی تھی۔

ادھر جنوبی کیرولینا میں ریپبلکن پرائمری میں ڈونلڈ ٹرمپ 32.5 فیصد ووٹ لے کر سرفہرست ہیں جب کہ سینیٹر مارکو روبیو اور ٹیکساس کے ٹیڈ کروز نے تقریباً 22، 22 فیصد ووٹ لیے ہیں۔

گزشتہ ہفتے نیوہمپشائر اور اب جنوبی کیرولینا میں فتح کے بعد ارب پتی کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ریپبلکن کی طرف سے نامزدگی حاصل کرنے کے مضبوط ترین امیدوار بن سکتے ہیں۔

فتح کے بعد سپارٹنبرگ میں اپنے حامیوں سے خطاب میں ٹرمپ نے دیگر امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدارتی نامزدگی کی دوڑ بہت مشکل ہیں "لیکن جب آپ جیتتے ہیں تو یہ بہت خوبصورت ہے۔"

انھوں نے اپنی مہم کے دوران اپنائے گئے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ جب وہ بنیں گے تو امریکہ ایک بار پھر جیتنا شروع کرے گا۔ انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ جنوبی امریکی سرحد پر ایک بڑی دیوار تعمیر کرنے کا خرچ میکسیکو کو برادشت کرنا پڑے گا۔

ٹرمپ اب نیواڈا جائیں گے جہاں آئندہ منگل کو ریبپلکن کاؤکس منعقد ہونے جا رہے ہیں۔

فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش جنوبی کیرولینا پرائمری میں چوتھے نمبر پر رہے اور ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی مہم معطل کرنے اور اس دوڑ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG