رسائی کے لنکس

وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی اور صوبائی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ


سندھ میں رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں توسیع کا معاملہ کئی دن تاخیر کے بعد بلاخر حل ہوتا نظر آنے لگا ہے۔ اس حوالے سے اتوار کو دبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا جس میں شرکت کے لیے ہفتے کو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی سے دبئی پہنچے تھے ۔

اجلاس میں کئے گئے اہم فیصلوں کے حوالے سے پارٹی ترجمان فرحت اللہ بابر کی جانب سے اتوار کو رات گئے جاری اعلامیے کے حوالے سے مقامی میڈیا میں خبریں ہیں کہ شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری و بلاول بھٹو زرداری نے دیگر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد سندھ کی وزارت اعلیٰ تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ ایک اور فیصلے کی رو سے رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کی سمری پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کراچی پہنچتے ہی دستخط کردیں گے ۔

اجلاس میں جن دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر خزانہ مراد علی شاہ، رحمٰن ملک اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب شامل ہیں۔

پارٹی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے سمیت سندھ کابینہ میں بھی ردوبدل کا فیصلہ بھی کیا گیا تاہم کابینہ میں شامل ہونے والے نئےممبران کے نام ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو رینجرز کو اختیارات دینے کی ہدایت کردی ہے جس کے بعد رینجرز سندھ میں ایک سال مزید قیام کرے گی جبکہ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں بھی 3 ماہ کی توسیع کی ہدایات ہیں۔

سندھ کی وزارت اعلیٰ میں آٹھ سال بعد تبدیلی متوقع ہے ۔اطلاعات ہیں کہ پارٹی چیئرمین وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں جبکہ بلاول بھٹو بھی کافی عرصے سے وزارت اعلیٰ تبدیل کرنے کے خواہشمند تھے۔

صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کے حوالے سے میڈیا میں ابھی سے پیش گوئیاں شروع ہیں جن کے مطابق سید مراد علی شاہ سب سے مضبوط امیدوار ہوسکتے ہیں جبکہ منظور چانڈیو، موجودہ اسپیکر سندھ اسمبلی اور نثار کھوڑو کے نام بھی زیر غور ہیں۔

XS
SM
MD
LG