رسائی کے لنکس

پاکستانی سلور اسکرین کی نئی چمک ’ڈریون‘


آنے والی نئی فلم ’ڈریون‘ انٹرنیشنل پروجیکٹ ہے جس میں پاکستان کے علاوہ پولینڈ، برطانیہ اور روس کے ماہرین بھی شامل ہیں۔ڈائریکٹر مائیکل ہڈسن کا کہنا ہے ’پاکستان میں سینما کا دوبارہ جنم ہوا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ، یہاں مزید معیاری فلموں کا رواج پڑے گاْ‘

پاکستان میں سینما انڈسٹری کی بحالی کے بعد بہت سی عمدہ فلمیں بن رہی ہیں۔ انہی فلموں میں اب ایک نیا نام ’ڈریون‘ بھی شامل ہونے والا ہے۔

فلم ’ڈریون‘۔۔ چارملکوں پاکستان، پولینڈ،برطانیہ اور روس کی مشترکہ پیشکش ہے ۔

برٹش ڈائریکٹر مائیکل ہڈسن کی فلم ’ڈریون‘ کو پروڈیوس کیا ہے کامران فائق اور نوید محمود نے۔ ’ڈریون‘ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پوری فلم 1978میں بنی پرانی کلاسک مرسیڈیز ’ڈبلیو ون ٹو سکس ایس‘ میں پکچرائز کی گئی ہے۔

’ڈریون‘ کے ڈائریکٹر کا تعلق برطانیہ، سینماٹوگرافرکاپولینڈ، ساوٴنڈ ڈیزائن ٹیکنیشن کا تعلق روس جبکہ کاسٹ اور کریو کا تعلق پاکستان سے ہے۔کامران فائق اور مائیکل ہڈسن عالمی سطح پر اپنے کام کے حوالے سے مشہور ہیں اور اب تک متعدد ایوارڈز جیت چکے ہیں۔

ڈریون کی کاسٹ میں کامران فائق، آمنہ الیاس، جاوید شیخ، عدنان شاہ ٹیپو، ریحان شیخ ، عمیر رانا، ناجیہ بیگ اور وہاب شاہ شامل ہیں۔

وائس آف امریکا سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر مائیکل ہڈسن کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں سینما کا دوبارہ جنم ہوا ہے ۔وقت کے ساتھ ساتھ یہاں مزید معیاری فلموں کا رواج پڑے گا، یہ بہت خوش آئند بات ہے۔‘

فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ مائیکل ہڈسن کے ساتھ کام کا تجربہ نہایت شاندار رہا۔ ’ڈریون‘ تو انٹرنیشنل پروجیکٹ کی ابتدا ہے آئندہ مزید پروجیکٹس سامنے آئیں گے، جن سے پاکستان فلم انڈسٹری کو مزید ترقی کا موقع ملے گا۔‘

فلم کے ہیرو، کامران فائق نے کہا ہے کہ ’فلم کی سب سے منفرد بات اس کا جاندار اسکرپٹ اور آن اسکرین ایکشن ہیں، جنہیں دیکھنے والا خود کو بھول کر اُسی میں محو ہو جاتا ہے۔‘

XS
SM
MD
LG