رسائی کے لنکس

برقی توانائی فراہم کرنے والا کپڑا


برقی توانائی فراہم کرنے والا کپڑا
برقی توانائی فراہم کرنے والا کپڑا

کیا آپ کسی ایسی قمیض کا تصور کرسکتے ہیں جسے پہن کر آپ کو اپنے ایم پی تھری پلیئر، موبائل فون اور اسی طرح کے دوسرے چھوٹے جیبی الیکٹرانک آلات کے لیے بیٹری کی ضرورت نہ رہے اور ان کی توانائی کی ضرورت آپ کی قمیض پوری کردے۔ اور کیا آپ ہائی ٹیک لباس پہن کر اپنی نبض کی رفتار، دماغ کی لہروں اور دوسری کئی چیزوں پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں؟ جی ہاں ، یہ کسی سائنس فکشن ناول یا فلم کا ذکر نہیں ہورہا ،بلکہ امریکہ اور اٹلی کے سائنس دان ایک ایسا کپڑا بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو نہ صرف برقی رو کی ترسیل میں مدد دے سکتا ہے بلکہ اس سے ہلکے پھلکے اور آرام دہ لباس بھی تیار کیا جاسکتے ہیں۔

یہ نیا ہائی ٹیک کپڑا ایسے سوتی دھاگے سے بنایا گیا ہے جس پر مخصوص قسم کے کیمیائی مادوں کے بہت ہی باریک اور چھوٹے ذرات کی پتلی سی تہہ چڑھائی گئی ہے جس سے اس دھاگے میں برقی رو اسی طرح سفر کرسکتی ہے جس طرح وہ کسی دھاتی تار میں کرتی ہے۔

برقی رو فراہم کرنے والا ہائی ٹیک کپڑا بنانے والے ایک سائنس دان کا نام جون ای نز سٹرو سا(Hinestroza) ہے۔ وہ نیویارک کی کورنیل یونیورسٹی سے منسلک ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلی نظر میں یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ ایک عام سوتی کپڑے اوراس مخصوص دھاگے سے، جو برقی رو کے لیے موصل ہے، بنے ہوئےکپڑے میں کیا فرق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں طرح کے کپڑے ایک ہی طرح سے تہہ ہوتے ہیں، بالکل ایک جیسے محسوس ہوتے ہیں اور جب میں ان میں سے ایک میں سے برقی رو گذاری جاتی ہے تو پھر آپ کو دونوں میں فرق کاپتا چلتاہے۔

ای نز سٹرو سا کا کہنا ہے کہ ہائی ٹیک کپڑے میں بہت چھوٹے چھوٹے شمسی پینل بنے گئے ہیں جودن بھر روشنی کو برقی قوت میں تبدیل کرکے اسے ڈبل اے سائز کی ایک مخصوص بیٹری میں جمع کرتے رہتے ہیں۔کپڑے کے موصل دھاگے اس بیٹری سے منسلک ہوتے ہیں اور ایک یوبی ایس فلیش ڈرائیو کے ذریعے اس بجلی کو استعمال میں لایا جاتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ موصل دھاگے کو ایک سادہ گرہ لگانے سے بجلی کا سرکٹ مکمل کیا جاسکتا ہے۔

ای نز سٹرو سا کہتے ہیں کہ ایم پی تھری پلیئر اور موبائل فون جیسے چھوٹے برقی آلات کو قمیض میں نصب پوشیدہ یوایس بی کے ذریعے توانائی فراہم کی جاسکتی ہے۔جس کا مطلب یہ ہے کہ ان آلات کے لیے آپ کو الگ سے بیٹری وغیرہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وہ کہتے ہیں کہ یہ مخصوص دھاگے پائیدار اورلچک دار ہیں اور انہیں آپ سلائی مشین کے ذریعے کسی بھی کپڑے پر سی سکتے ہیں۔

سائنس دان اس کپڑے کے ساتھ استعمال کرنے کے لیے دوسرے آلات پر غور کررہے ہیں، مثلا جسم کی کارکردگی کی نگرانی کرنے والے برقی آلات وغیرہ۔

ای نز سٹرو سا کہتے ہیں کہ اس وقت ہم نبض کی رفتار کی نگرانی کے لیے اس کپڑے کے استعمال پر غور کررہے ہیں۔اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ مخصوص کپڑےپہننے والوں کو کبھی بھی یہ احساس نہیں ہوگا کہ یہ کپڑا ،عام سوتی کپڑے سے مختلف ہے۔

ای نز سٹرو سا کا کہنا ہے کہ نبض کی رفتار اور دوسرے اہم جسمانی اعضا کی کارکردگی جانچنے کے لیے کپڑے میں زیادہ برقی قوت فراہم کرنے والے موصل اور لچک دار دھاگوں کی ضرورت پڑے گی۔کپڑے میں نصب موصل اجزا کے یہ حصے، نبض اور سانس کی رفتار ماپنے، یا دماغ کی لہروں کی نگرانی کے لیے ای ای جی مشین کے انداز میں کام کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب یہ پرائیویٹ کمپنیوں پر منحصر ہے کہ وہ اس مخصوص کپڑے کے ساتھ استعمال کے لیے کس طرح کے مخصوص آلات تیار کرتی ہیں۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ نیا ہائی ٹیک لباس کب عام لوگوں کے لیے مارکیٹ میں دستیاب ہوسکے گا ، تاہم کورنیل یونیورسٹی کے جون ای نز سٹرو ساکو توقع ہے کہ مستقبل قریب ایسے آلات استعمال ہونے لگیں گے۔

XS
SM
MD
LG