رسائی کے لنکس

امریکی عوام کا حکومت، عدلیہ اور فوج پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے: گیلپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • گیلپ کے مطابق امریکہ میں عدلیہ پر صرف 42 فی صد عوام نے اعتماد کا اظہار کیا جو کہ اب تک کی کم تک ترین سطح ہے۔
  • امریکہ میں عوام کی رائے فوج کے لیے مختص بجٹ کے حوالے سے بھی تقسیم نظر آتی ہے۔
  • مبصرین اداروں پر عوام کے اعتماد کو ان کے شہریوں کے لیے خدمات سے جوڑتے ہیں۔

امریکہ میں عوام کا حکومت، عدلیہ اور فوج پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔ سروے کرنے والی بین الاقوامی تنظیم 'گیلپ' کے حالیہ تجزیے کے مطابق ترقی یافتہ معیشتوں کی تنظیم 'جی سیون' کے رکن ملکوں کے مقابلے میں امریکہ میں اداروں پر عوام کا عدم اعتماد سب سے زیادہ ہے۔

گیلپ سروے کے مطابق لگ بھگ 68 فی صد امریکی شہری حکومت پر اعتماد نہیں کرتے جب کہ عدلیہ پر صرف 42 فی صد عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے جو عدلیہ پر اعتماد کی اب تک کی کم تک ترین سطح ہے۔

امریکہ میں دیگر سرکاری اداروں کے مقابلے میں فوج کو بہت پذیرائی حاصل ہے۔ لیکن اب اس پر بھی عوام کے اعتماد میں کمی ہوئی ہے۔

گیلپ کے مطابق 2021 میں 90 فی صد امریکی عوام نے فوج پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ لیکن 2023 میں فوج پر عوامی اعتماد کی شرح 81 فی صد پر آگئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ 'جی سیون' تنظیم کا اہم ترین رکن ملک شمار ہوتا ہے۔ سات ممالک کے اس گروپ کے دیگر ارکان میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور برطانیہ شامل ہیں۔

گیلپ نے 2023 کے سروے کے حوالے سے اپنے تجزیے میں بتایا ہے کہ 'جی سیون' ممالک میں جرمنی کے عوام کو سب سے کم اپنی فوج پر اعتماد ہے جس کی شرح 60 فی صد ہے۔

امریکہ میں فوج کے لیے مختص بجٹ کے حوالے سے بھی عوامی رائے منقسم نظر آتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ جی سیون میں شامل ممالک میں سب سے زیادہ دفاعی امور کے لیے بجٹ مختص کرنے والا ملک ہے۔

’گیلپ‘ کے مطابق امریکی عوام میں 35 فی صد کی رائے ہے کہ ان کا ملک دفاعی امور کے لیے بہت زیادہ بجٹ مختص کر رہا ہے جب کہ 29 فی صد کی رائے میں یہ بجٹ ناکافی ہے۔ صرف 33 فی صد عوام کی رائے میں امریکی فوج کے لیے مختص بجٹ درست ہے۔

گیلپ سے وابستہ تجزیہ کار بینڈکٹ یگرز نے وی او اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کوئی وضاحت موجود نہیں ہے کہ اس ساری صورتِ حال کی وضاحت کرے۔

ان کے بقول ان معلومات سے محسوس ہوتا ہے کہ یہ امریکہ کے ایک بڑے طبقے کی رائے سے مطابقت رکھتی ہیں جو کہ ان کے سیاسی اداروں پر یقین سے بھی بڑھ کر ہے۔

مبصرین مقتدر اداروں پر عوام کے اعتماد کو ان کے شہریوں کے لیے خدمات سے جوڑتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد کو بد عنوانی کے خاتمے، اختیارات کے درست استعمال، آمدن اور مالیات کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے مؤثر اقدامات سے جوڑتے ہیں۔

ورلڈ بینک کی گزشتہ برس جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ عوامی اداروں کے مؤثر ہونے کا دار و مدار ان پر عوام اور کاروباری اداروں کے اعتماد سے ہوتا ہے۔

امریکہ میں سرکاری اداروں کے مقابلے میں عوامی اداروں پر اعتماد میں کمی ہوتی جا رہی ہے۔

امریکہ میں گرجا گھروں اور مذہبی اداروں پر عوام کے اعتماد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ گیلپ نے 1973 میں اس حوالے سے اعداد و شمار جمع کرنا شروع کیے تھے۔ گزشتہ برس سروے میں صرف 30 فی صد لوگ ایسے تھے جن کا کہنا تھا کہ ان کا چرچوں اور مذہبی اداروں پر بہت کم اعتماد ہے۔

امریکی عوام کی اب میڈیا سے آنے والی معلومات پر بھی اعتماد میں کمی آ چکی ہے۔ 2023 میں صرف 40 فی صد شہری ایسے تھے جنہوں نے امریکی اخبارات اور ٹیلی وژن پر اعتماد کا اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG