رسائی کے لنکس

کانگریس کی طرف سے امیتابھ بچن کی توہین


کانگریس کی طرف سے امیتابھ بچن کی توہین
کانگریس کی طرف سے امیتابھ بچن کی توہین

بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن اگر اپنی فلموں کے علاوہ کسی اور چیز کے لیے خبروں میں رہتے ہیں تو وہ ہے سیاست۔ یہ بات اور ہے کہ امیتابھ کو سیاست کبھی راس نہیں آئی۔ بدھ کی شام امیتابھ نے ریاست کی اتحادی حکمران جماعت کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دعوت نامے پر ممبئی میں باندرہ ورلی پل کے چار لِین کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیا کی کہ ممبئی سے لے کر دلی تک کے سیاسی گلیاروں میں ہلچل مچ گئی۔

بچن اور گاندھی اِن دو خاندانوں کے درمیان برسوں سے چلی آ رہی سرد جنگ سے سبھی واقف ہیں۔ لیکن بالی وڈ کے اِس بڑے فن کار کو کانگریس پارٹی کی تقریب میں مدعو کرنے کے بعد یہ سوال کرنا کہ امیتابھ کو کس نے بلایا تھا، یہ سوال کچھ بے معنی سا لگتا ہے۔
خیال رہے کہ اخباروں میں شائع ہونے والے اشتہاروں میں بھی امیتابھ کا نام مہمانِ خصوصی کے طور چھاپا گیا تھا۔ اس کے باوجود ریاست کے وزیر اعلی اشوک چوان نے یہ بیان دیا کہ انہیں یہ علم نہیں تھا کہ امیتابھ کو بھی پل کے افتتاح کے لیے بلایا گیا تھا۔

چند ماہ قبل ہی گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی نے امیتابھ کو گجرات میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ریاستی سفیر مقرر کیا تھا۔ اور بقول کانگریس اُسے ذاتی طور پر امیتابھ سے کوئی شکایت نہیں ہے پر امیتابھ کی مودی کے گجرات سے وابستگی سے پارٹی کو تکلیف ہے، اور اسی لیے بدھ کے روز سی لنک کی تقریب میں امیتابھ کی شمولیت پر کانگریسی لیڈروں کو ناراضی ہے۔

اِس پورے تنازعے پر برہم امیتابھ نے اپنے بلاگ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ہے ’مجھے حکومت کے ایک وزیر نے مدعو کیا تھا اور اِسی لیے میں وہاں موجود تھا۔‘ امیتابھ نے مزید لکھا ہے کہ ’میں گجرات کے لیے ایسا کیا کروں گا جس سے حکومت کی سیاست پر بُرا اثر پڑے گا۔ میں سوم ناتھ مندر کے بارے میں بات کروں گا، گاندھی گرام، کَچھ کی سفید ریت، ہرپپا کی پرانی تہذیب، گِر میں شیروں کی گھٹتی تعداد کے تعلق سے بول کر زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو اِس شان دار سرزمین کی طرف راغب کرنے کی کوشش کروں گا۔ اِس میں موجودہ حکومت کی تعریف میں قصیدے پڑھنے کا سوال کہا سے آتا ہے؟‘

واضح رہے کہ خود امیتابھ نے بھلے ہی سالوں پہلے سیاست سے سنیاس لے لیا ہو پر اُن کی اہلیہ جیا بچن آج بھی سماج وادی پارٹی کی پارلیمانی رکن ہیں۔ بوفورس تنازعے کے بعد سے کانگریس اور بچن خاندان کے درمیان فاصلے اتنے بڑھ گئے کہ انہیں کم کرنا ایک معجزے سے کم نہیں ہو گا۔

سیاسی ماہرین کے مطابق کانگریس پارٹی سے دوری نے سماج وادی پارٹی کے سابق رہنما امر سنگھ اور شیوسینا کے سربراہ بال ٹھاکرے کو امیتابھ کا دوست کیا بنایا، مانو کانگریس پارٹی امیتابھ کو ذہنی اذیت دینے کے بہانے ڈھونڈتی رہتی ہے۔

XS
SM
MD
LG