رسائی کے لنکس

امریکی کانگریس کو دھمکی آمیز خطوط موصول


امریکی کانگریس کو دھمکی آمیز خطوط موصول
امریکی کانگریس کو دھمکی آمیز خطوط موصول

سینیٹ کے حفاظتی امور کے نگران نے کانگریس کے تمام دفاتر پر زور دیا ہے کہ وہ ان دھمکی آمیز خطوط کو سنجیدہ سمجھیں اور موصولہ ڈاک دیکھتے وقت انتہائی محتاط رہیں

امریکی کانگریس کے کئی دفاتر کو مشتبہ پائوڈر سے آلودہ دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے وفاقی اداروں نے حکام کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی سینیٹ کے سارجنٹ ایٹ آرمز ٹیرنس گینر کا کہنا ہے کہ خط بھیجنے والے "انتہائی منظم اور مربوط ہیں اور اس کاروائی کے نتیجے میں کوئی نقصان ہونے کا خطرہ انتہائی حقیقی ہے"۔

سینیٹ کے حفاظتی امور کے نگران نے کانگریس کے تمام دفاتر پر زور دیا ہے کہ وہ ان دھمکی آمیز خطوط کو سنجیدہ سمجھیں اور موصولہ ڈاک دیکھتے وقت انتہائی محتاط رہیں۔

گینر نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ سینیٹ کے مزید دفاتر کو بھی اس نوعیت کے خطوط موصول ہوئے ہیں۔ اس سے قبل تین اراکینِ کانگریس کو بھی دھمکی آمیز خطوط مل چکے ہیں۔

لیکن عہدیدار نے بتایا کہ تاحال کوئی بھی موصولہ خط ضرر رساں ثابت نہیں ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی امریکی تحقیقاتی اداروں نے دارالحکومت واشنگٹن سے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس پر کانگریس کی عمارت 'کیپٹل ہِل' میں بم نصب کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔

اس سے قبل 2001ء میں 11 ستمبر کے دہشت گرد حملوں کے بعد امریکی ذرائع ابلاغ اور کانگریس کے کئی دفاتر کو خطوط کے ذریعے 'اینتھریکس' نامی زہریلا مواد ارسال کیا گیا تھا جس سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG