رسائی کے لنکس

ومبلڈن ٹینس میں 15 سالہ کوری گوف کی تہلکہ خیز اینٹری


کوری گوف وینس ولیم کو شکست دینے کے بعد
کوری گوف وینس ولیم کو شکست دینے کے بعد

امریکہ کی 15 سالہ ٹینس کھلاڑی کوری گوف نہ صرف ومبلڈن کھیلنے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئی ہیں، انہوں نے پانچ مرتبہ ومبلڈن ٹائٹل جیتنے والی معروف کھلاڑی وینس ولیم کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کر دیا ہے اور اب وہ ومبلڈن ٹائٹل جیتنا چاہتی ہیں۔

میچ کے بعد کوری گوف وینس ولیم سے ہاتھ ملا رہی ہیں
میچ کے بعد کوری گوف وینس ولیم سے ہاتھ ملا رہی ہیں

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب وینس ولیم نے اپنا پہلا ومبلڈن ٹائٹل جیتا تھا تو کوری گوف ابھی پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں۔ تاہم خود سے 24 سال بڑی ٹینس کی عظیم کھلاڑی وینس ولیم کے خلاف کھیلتے ہوئے ان کے چہرے پر گھبراہٹ کے کوئی آثار دکھائی نہیں دئے اور پیر کے روز کھیلا گیا یہ میچ کوری نے آسانی کے ساتھ 6-4, 6-4 کے ساتھ جیت کر شائقین کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔ اس تمام میچ کے دوران صرف ایک مرتبہ وہ قدرے لڑکھڑائیں جب وینس نے ان کے تین سروس پوائنٹ بریک کیے تھے۔

کوری گوف میچ کے دوران شاٹ لگا رہی ہیں
کوری گوف میچ کے دوران شاٹ لگا رہی ہیں

یہ میچ جیتنے کے بعد کوری گوف کا کہنا تھا کہ میرا مقصد ہی جیتنا تھا اور میں عظیم ترین کھلاڑی بننا چاہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے وہ ملنے والے ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی وینس ولیم کی پرستار تھیں۔ تاہم اس میچ میں انہوں نے اس بات کو اپنے کھیل پر حاوی نہیں ہونے دیا۔

میچ کے دوران کوری گوف کا ایک انداز
میچ کے دوران کوری گوف کا ایک انداز

میچ ہارنے کے بعد وینس ولیم نے کہا کہ کوری ایک بڑی کھلاڑی بنیں گی اور وہ کسی بھی سطح تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

کوری 2005 میں امریکی ریاست جارجیا کے دارالحکومت ایٹلانٹا میں پیدا ہوئیں۔ انہیں گھر میں ’کوکو‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ کوری بعد میں اپنے والدین کے ہمراہ فلوریڈا منتقل ہو گئیں جہاں انہوں نے 7 برس کی عمر میں ٹینس کھیلنا شروع کر دیا۔ ان کے والد جارجیا سٹیٹ یونیورسٹی کی باسکٹ بال ٹیم میں پوائنٹ گارڈ پوزیشن پر کھیلتے رہے تھے جبکہ ان کی والدہ کینڈی فلوریڈا میں ہیپٹیتھلون اور ہرڈلز دوڑ کے مقابلوں میں شرکت کرتی رہی ہیں۔ تاہم کوری نے اپنے والدین کی تقلید کرنے کے بجائے ٹینس کو منتخب کیا۔

کوری کا کہنا تھا کہ راجر فیڈرر نے گذشتہ برس فرنچ اوپن جونیئر جیتنے کیلئے ان کی مدد کی تھی اور ان کی رہنمائی اس بار بھی ان کے کام آئی۔ انہوں نے فرنچ اوپن جونیئر ٹائٹل صرف 14 برس کی عمر میں جیتا۔ یوں وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔

وینس ولیم کے خلاف میچ جیتنے کے بعد وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور خوشی سے رو پڑیں۔

15 سالہ کوری نے کہا کہ اس سے پہلے وہ اس وقت شدت سے روئی تھیں جب انہوں نے فلم ’’اینڈ گیم‘‘ میں آئرن مین کو مرتے ہوئے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ فلم کے اس سین کو یاد کرتی ہیں تو ان کا دل بھر آتا ہے کیونکہ انہیں آئرن مین بہت ہی پسند تھا۔

XS
SM
MD
LG