رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: 'پی ایس ایل میچز کراچی میں ہی ہوں گے'


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے صوبہ سندھ کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافے کے باوجود پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے کراچی میں شیڈول میچز متاثر نہیں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور صوبائی حکومت کے حکام نے سندھ میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور پی ایس ایل کے میچز کے حوالے سے منگل کو مشاورت کی۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم آنے والے شائقین کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی جب کہ اسٹیڈیم کے اندر سینی ٹائزرز رکھے جائیں گے۔

کراچی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا منیجر عماد احمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پی سی بی کراچی میں میچز کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

کراچی میں 12 سے 17 مارچ تک پی ایس ایل کے پانچ میچز شیڈول ہیں۔ 12 مارچ کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا میچ ہو گا جب کہ 13 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم ہی میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز، 14 مارچ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ، 15 مارچ کو کوئٹہ اور کراچی جب کہ 17 مارچ کو پلے آف مرحلے کا ایک میچ کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ پیر کو سندھ میں کرونا وائرس کے مزید نو کیسز کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 18 تک پہنچ گئی ہے۔

نئے کیسز کے بعد پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں شیڈول میچز کے حوالے سے مختلف تبصرے جاری تھے۔ صوبہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی بھی توسیع کر دی گئی تھی۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت سندھ صوبے میں بڑے اجتماعات پر پابندی لگانے پر غور کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG