رسائی کے لنکس

کرونا وائرس سو ملکوں تک پہنچ گیا


Trump Virus Outbreak
Trump Virus Outbreak

عالمی ادارہ صحت نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ دنیا میں اب ایک سو ممالک سے کرونا وائرس سے مثاثرہ افراد کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

اٹلی نے اتوار کے روز نئے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا اور ملک کے شمالی علاقوں کو جہاں اٹلی کی ایک تہائی آبادی مقیم ہے، بند کر دیا ہے۔ چین کے بعد کسی بھی دوسرے ملک میں کرونا کے سبب سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں 233 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

اٹلی نے جن شمالوں علاقوں کو بند کیا ہے ان میں لومبارڈی کا علاقہ اور تجارتی مرکز میلان بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اٹلی نے وینیٹو سمیت 14 صوبوں کو بند کر دیا ہے۔ آئندہ ماہ تک ملک کے اندر اور باہر سفر غیر معمولی حد تک محدود کر دیا گیا ہے اور حکومت نے عجائب گھروں، سینما تھیٹروں اور دیگر تفریحی مقامات کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

اٹلی نے ریٹائرڈ ڈاکٹروں سے بھی کہا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں معاونت کے لیے ڈیوٹی پر واپس آ جائیں۔

Coronavirus
Coronavirus

امریکہ جہاں اب تک کرونا وائرس کے سبب 19 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ہم وائٹ ہاوس پر کرونا وائرس کے خلاف حملہ آور ہونے کے لیے بہترین انداز میں تیار ہیں۔ ہم نے بہت تیزی سے مخصوص علاقوں میں سرحدیں بند کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں جو بہت مددگار رہے ہیں۔

ان کے بقول، ''نائب صدر اس ضمن میں زبردست کام کر رہے ہیں، جبکہ فیک میڈیا ہماری صورتحال خراب پیش کرنے کے لیے تمام کوسشیں کر رہا ہے۔‘‘

سرجن جنرل جیرون ایڈمز نے سی این این کو بتایا ہے کہ امریکہ کے صحت کے حکام اپنے عوام بالخصوص بزرگ افراد سے چاہتے ہیں کہ وہ بحری جہازوں پر سفر کرنے یا لمبی پروازیں لینے کے بارے میں نظر ثانی کریں تو بہتر رہے گا۔ ان کو خطرہ مول نہیں لینا چاہیے اور ان کو چاہیے کہ وہ ایک چھوٹی سی جگہ پر ایسے افراد کے ساتھ میل جول میں نہ ہوں جن کو ہو سکتا ہے کہ کرونا وائرس کا سامنا ہو۔

ایڈمز نے بتایا کہ پیر کو امریکہ کو بیس لاکھ ٹیسٹ کٹس مل جائیں گی۔ ان کے بقول اگر آپ کو طبی سہولیات فراہم کرنے والا ادارہ سمجھے کہ آپ کو تجزیے سے گزرنے کی ضرورت ہے تو یہ سہولت دستیاب ہو گی۔

ویٹی کن میں بھی جہاں کرونا سے متاثرہ ایک مریض کی اطلاع ملی ہے، مجمع کی تعداد کو کم رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اتوار کو سینٹ پیٹرز اسکوائر میں پوپ فرانسز نے سالانہ دعائیہ تقریب سے خطاب کیا۔ تاہم، انہوں نے یہ خطاب لائیو سٹریم کے ذریعے کیا۔

ادھر ایران نے اتوار کو بتایا ہے کہ کرونا کے سبب گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید اننچاس افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے سبب وہاں کل اموات کی تعداد 194 تک پہنچ گئی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں 6566 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے، رائٹرز کے مطابق لاس اینجلس ایئرپورٹ پر مسافروں کی سکریننگ کرنے والے عملے کے دو افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت نکل آیا ہے اور ان کو 17 مارچ تک قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG