رسائی کے لنکس

دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لیے گھر میں بھی ماسک پہنیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک ایسے موقع پر جب کہ امریکہ میں کرونا وائرس کی وبا مسلسل پھیل رہی ہے، وائٹ ہاؤس میں عالمی وبا سے متعلق ٹاسک فورس نے ہدایت کی ہے کہ جن گھروں میں وبا کا آسانی سے ہدف بننے والے افراد موجود ہیں، وہاں لوگوں کو گھر کے اندر بھی ماسک پہننے چاہئیں​۔

ٹاسک فورس کی کو آرڈی نیٹر ڈیبرا برکس کا اتوار کے روز امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کے ایک پروگرام میں کہنا تھا کہ اگر آپ کے گھر میں مختلف عمروں کے افراد رہتے ہیں اور آپ کے شہر یا گاؤں میں کرونا وائرس پھیلا ہوا ہے تو آپ کو اپنے گھر کے اندر بھی ماسک پہننے چاہئیں۔

کرونا وائرس اپنے ابتدائی مہینوں میں بڑے شہروں تک ہی محدود رہا۔ لیکن اب وہ دیہی اور شہری آبادیوں، دونوں جگہ یکساں طور پر پھیل رہا ہے۔

کرونا وائرس ان لوگوں کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے جن کے اندر وائرس تو موجود ہو مگر اس کی علامتیں ظاہر نہ ہو رہی ہوں۔

ایک تازہ مطالعاتی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً نصف کے لگ بھگ نئے کیسز میں کرونا وائرس ایسے لوگوں کے ذریعے منتقل ہوا۔ جن میں اس وقت تک علامتیں ظاہر نہیں ہوئی تھیں جب انہوں نے اسے آگے منتقل کیا۔

برکس کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے گھر میں ایسے افراد موجود ہیں جو کرونا وائرس کا آسان ہدف بن سکتے ہیں، مثلاً انہیں شوگر یا دل کے امراض ہیں تو پھر آپ یہ تصور کرتے ہوئے کہ آپ کرونا پازیٹو ہیں، انہیں محفوظ رکھنے کے لیے گھر میں ماسک پہنے رہیں۔

'جانز ہاپکننز سینٹر فار ہیلتھ سیکیورٹی' کے ایک سینئر سکالر امیش ادلجا کا کہنا ہے کہ امریکہ کے بہت سے حصوں میں ہو یہ رہا ہے کہ لوگوں کو معلوم ہی نہیں ہے کہ وہ کرونا کا شکار ہو چکے ہیں اور وہ ٹیسٹنگ کے لیے بہت تاخیر سے اسپتال آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ایمر جینسی ورکر ہے یا وہ کسی ایسی ملازمت پر ہے جس کے لیے اس کا باہر جانا ضروری ہے، تو یہ امکان موجود ہے کہ وہ ایسے افراد سے رابطے میں آ سکتا ہے جن میں وائرس موجود ہے۔ اگر وہ اپنے گھر میں کسی ناتواں شخص کے ساتھ رہ رہے ہیں تو اس صورت میں وائرس کی منتقلی کا خطرہ زیادہ ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ہوا میں موجود آبی بخارات میں اس سے کہیں زیادہ وقت زندہ رہ سکتا ہے جتنا کہ اس سے پہلے خیال کیا گیا تھا۔ خاص طور پر بند جگہوں میں۔ اس صورت میں اس سے بچنے کا مؤثر طریقہ ماسک کا استعمال ہے۔

XS
SM
MD
LG