- By ضیاء الرحمن
پی سی بی کا ہائی پرفارمنس سینٹر میڈیکل اسٹاف کو دینے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی میں ہائی پرفارمنس سینٹر پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ میں بدل دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے سندھ حکومت کی درخواست پر حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کو پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ بنا دیا ہے۔ جہاں سندھ حکومت کی جانب سے قائم کردہ ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم عارضی اسپتال میں ذمہ داریاں نبھانے والا پیرا میڈیکل اسٹاف قیام کرے گا۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اِس وقت پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد آٹھ سو سے تجاوز کر چکی ہے۔ جن کی اکثریت سندھ میں ہے۔
- By ضیاء الرحمن
کرونا وائرس، پنجاب میں اقدامات کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی زیر صدارت اجلاس میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 10ڈویژن، جنرل آفیسر کمانڈنگ 11ڈویژن، ڈی جی رینجرز پنجاب، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے پر اتفاق کرتے ہوئے حکومتی حکمت عملی پر 100 فی صد عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ یہ سب کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کے لیے اجتماعی کاوشوں کو موثر انداز میں بروئے کار لانا ہو گا۔
- By علی فرقان
کرونا وائرس پر حکمت عملی، کل جماعتی کانفرنس ویڈیو لنک پر بلانے کی تجویز
پاکستان میں کرونا وائرس کے تناظر میں حکمت عملی پر قومی اتفاق رائے کے لیے حزب اختلاف اور حکومت کی اتحادی جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو سندھ میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کے بعد کل جماعتی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر حکومت اور حزب اختلاف کی قیادت میں اتفاق رائے کا فقدان پایا جاتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے وہ ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں ہیں جب کہ سندھ کے بعد پنجاب کی حکومت نے بھی صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے سوموار کو قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ جس میں دونوں رہنماؤں نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی پر اتفاق کیا اور اس ضمن میں ویڈیو لنک کے ذریعے کل جماعتی کانفرنس بلانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو نے حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہوں نے بھی کل جماعتی کانفرنس بلانے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔
بلاول بھٹو نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں اتفاق کیا گیا کہ ویڈیو لنک اے پی سی بہت ضروری ہے تاکہ پوری قوم یکجا ہوسکے۔
بلاول بھٹو نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سردار اختر مینگل، عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان اور دیگر رہنماؤں سے بھی رابطے کیے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی کرونا وائرس کے باعث درپیش صورت حال پر قومی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے جن میں بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن، اسفند یار ولی، آفتاب شیرپاؤ، محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل شامل ہیں۔
مسلم لیگ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام سیاسی قیادت نے موجودہ صورت حال میں کل جماعتی کانفرنس بلانے کی حمایت کی ہے۔
حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے ویڈیو لنک کے ذریعے بلائی جانے والی یہ کانفرنس اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہو گی جس کی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی۔ تاہم پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق یہ کانفرنس منگل کو بلائے جانے کا امکان ہے۔