- By محمد ثاقب
حکومتی پیکج تاجروں کی توقعات کے برعکس
پاکستان کی وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر خراب معاشی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے خصوصی معاشی پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت معیشت کے مختلف سیکٹرز کو 1200 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
اس سوال پر کہ کیا یہ سبسڈی کافی ہو گی اور کیا اس سے جمود کا شکار معیشت کا پہیہ چلانا ممکن ہو گا؟، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے چیمبر آف کامرس کے صدر آغا شہاب نے وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پیکج کو تاجروں کی توقعات کے برعکس قرار دیا ہے۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے آغا شہاب کا کہنا تھا کہ تاجروں کو توقع تھی کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 10 فی صد سے کم کی جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔
اسی طرح معاشی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے برآمدکنندگان کو فوری ریبیٹ اور دیگر رعایت دینے کا وعدہ تو کیا گیا ہے لیکن ان کے خیال میں حکومت کے لیے یہ وعدہ پورا کرنا ممکن نظر نہیں آتا۔
کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک
راولپنڈی میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت
پاکستان کے شہر راول پنڈی شہر میں کرونا وائرس کی شکار ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہیں۔ راولپنڈی میں اس وبا سے ہلاک ہونے والی یہ پہلی خاتون ہیں۔
وائس آف امریکہ کے راولپنڈی میں موجود نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق کمشنر راولپنڈی نے خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
خاتون کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ حال ہی میں برطانیہ سے پاکستان آئیں تھی جنہیں 21 مارچ کو مقامی اسپتال میں علاج کے لیے لایا گیا تھا۔
کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والی خاتون کا تعلق سوہاوہ سے ہے جن کی میت اسپتال سے روانہ کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد کی نجی یورنیورسٹی سیل
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایک نجی یونیورسٹی کو سیل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی نجی جامعہ میں لاک ڈاؤن اور تعلیمی اداروں کی بندش کے باوجود طلبہ اور یونیورسٹی کا عملہ موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے حکم پر یونیورسٹی کو سیل کیا گیا ہے۔
پولیس کی کارروائی کے وقت بھی لیب میں استاتذہ طلبہ کو لیکچرز دے رہے ہیں۔