رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

00:53 30.3.2020

امریکہ میں ایک لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ، صحت کے اعلی سرکاری عہدے دار

متعدی امراض کے امریکی اعلی سرکاری عہدے دار ڈاکٹر انتھونی فاؤچی
متعدی امراض کے امریکی اعلی سرکاری عہدے دار ڈاکٹر انتھونی فاؤچی

متعدی امراض کے کنٹرول اور انسداد کے نگران ڈاکٹر فاؤچی نے اتوار کے روز کہا ہے کہ کرونا سے ایک لاکھ سے زیادہ امریکی ہلاک ہو سکتے ہیں، جو موجودہ تعداد کا 50 گنا ہے۔

ڈاکٹر فاوچی نے نیوز چینل سی این این سے بات کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا کہ عالمی وبائی مرض کرونا وائرس ایک لاکھ سے زیادہ امریکیوں کی جان لے سکتا ہے۔ یہ اندازہ مختلف ماڈلز کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک سرکاری طور پر ایک لاکھ 24 ہزار متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو ہزار ایک سو ہے۔ جس میں تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں جس تیزی سے اضافہ ہوا ہے وہ خاصا خوفناک ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پہلے ایک ہزار افراد ایک ماہ کے دوران ہلاک ہوئے، جب کہ بقیہ ایک ہزار دو دن میں ہلاک ہوئے ہیں۔

22:02 29.3.2020

سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز 500 تک پہنچ گئے

صوبہ سندھ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے۔ اتوار کے روز صوبائی دارلحکومت کراچی میں کرونا کے 33 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح یہاں مریضوں کی کل تعداد 222 تک جاپہنچی ہے، جبکہ تفتان سے سکھر میں لائے گئے زائرین میں سے 265 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض کیسز لاڑکانہ، سکھر اور حیدرآباد میں بھی ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کی ترجمان کے مطابق 171 ایسے کیسز ہیں جن میں مقامی طورپر وائرس ایک شخص سے دوسرے کو منتقل ہوا ہے۔ اب تک صوبے بھر میں 5 ہزار 945 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 502 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ادھر حکومت سندھ نے ایک اور نوٹی فیکیشن کے تحت صوبے بھر میں موجود پیٹرول اور سی این جی پمپمس کو شام پانچ بجے بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ جب کہ اس سے قبل صوبے بھر میں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی تمام دکانوں کو شام پانچ بجے بند کرنے کے احکامات دئیے جاچکے ہیں تاکہ صوبے میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے

19:43 29.3.2020

لاک ڈاؤن کے سبب روزگار ختم

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جاری لاک ڈاؤن کے سبب کئی لوگوں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔ ان میں اوبر اور کریم ٹیکسی سروسز کے ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔ جن کا کام لاک ڈاؤن کی وجہ سے تقریباً ختم ہو چکا ہے۔ وہ کن مشکلات کا شکار ہیں؟ جانیے ایک اوبر ڈرائیور کی زبانی اس رپورٹ میں

لاک ڈاؤن ڈائری: اوبر ڈرائیور کیا کریں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:03 0:00
19:40 29.3.2020

کرونا وائرس سے عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 32 ہزار سے تجاوز

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 6لاکھ 83ہزار سے تجاوز کر گئی جب کہ ایک لاکھ 46ہزار سے زائد افراد وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

چین کی حکومت نے دسمبر 2019 کے آخری ہفتے میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو مطلع کیا تھا کہ اس کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان میں ایک نامعلوم وائرس سے لوگ تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ بعد ازاں اس وبا کی شناخت کرونا وائرس کے نام سے ہوئی۔

جنوری میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ چین تھا جہاں اس کے کیسز ہزاروں میں تھے بعد ازاں یہ دنیا کے دیگر ممالک میں پھیل گیا جس سے اب 190 سے زائد ممالک میں 683694 افراد متاثر ہیں۔

تین ماہ کے دوران وزئار سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی 32155 ہو چکی ہے۔

کرونا وائرس سے اب تک سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہے جہاں مجموعی کیسز کی تعداد 123828 ہے جب کہ وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2231 ہے۔

اٹلی میں 10ہزار افراد کی موت

ہلاکتوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ یورپ ہے جہاں اٹلی میں 92 ہزار سے زائد مریض ہیں جب کہ 10023 افراد کی موت وائرس کے سبب ہو چکی ہے۔

چین میں مریضوں کی تعداد 81 ہزار ہے تاہم چین میں 3300 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

یورپی ملک اسپین میں 79ہزار کے قریب مریض جب کہ 6528 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جرمنی میں 58ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ اس سے 455 افراد کی موت ہوئی ہے۔

مشرق وسطی میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ایران ہے جہاں مریضوں کی تعداد 38ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ اموات بھی 2640 ہو چکی ہیں۔

اسی طرح فرانس میں 37 ہزار مریض جبکہ 2314 افراد ہلاک، برطانیہ میں 19ہزار افراد متاثر جب کہ 1235 ہلاک، نیدرلینڈز میں 11ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق جب کہ 771 ہلاک ہوئے ہیں۔

جنوبی ایشیا ممالک میں بھارت میں 987 افراد میں وائرس کی تصدیق جب کہ 25 ہلاک، بنگلہ دیش میں 48 افراد میں وائرس کی تصدیق جب کہ 5 ہلاک، سری لنکا میں 115 افراد میں تصدیق جب کہ ایک ہلاکت، افغانستان میں 120 افراد میں وائرس کی تصدیق جب کہ 4 افراد کی موت، بھوٹان میں چار افراد میں وائرس کی تصدیق، مالدیپ میں 17 کیسز، نیپال میں 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں 1526 افراد میں وائرس کی تصدیق جب کہ 13 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG