اسلام آباد کے اسپتالوں میں آؤٹ ڈور شعبہ جات کھول دیے گئے
اسلام کی ضلعی انتظامیہ نے دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں میں بند کیے جانے والے آؤٹ ڈور شعبہ جات دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کی مشکلات میں کمی کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
بھارت: ویران سڑکوں پر خوراک کے متلاشی جانوروں کا راج
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دنیا بھر میں جزوی لاک ڈاؤن ہے۔ کروڑوں لوگ گھروں تک محدود ہیں۔ ایسے میں جہاں ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئی ہے۔ وہیں بھارت کی ویران سڑکوں پر بندروں، کتوں اور دیگر جانوروں کا راج ہے۔
بندر، آوارہ کتے اور دیگر جانور دارالحکومت نئی دہلی، ممبئی، کولکتہ اور دیگر شہروں کی ویران سڑکوں کا فائدہ اُٹھا کر کھلے عام مٹر گشت کرتے نظر آتے ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث ان جانوروں کو بھی خوراک کے حصول سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے۔ لیکن سنسان شاہراہوں اور پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے ارد گرد یہ جانور بلا روک ٹوک گھومتے دکھائی دیتے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق بندروں کے غول نئی دہلی میں بھارتی صدر کی رہائش گاہ، پارلیمنٹ اور وزرا کی رہائش گاہوں کے قریب منڈلاتے نظر آتے ہیں۔
اپریل کے آخر تک اسپتالوں پر دباؤ بڑھے گا: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اپریل کے آخر تک ملک کے اسپتالوں میں دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اس وبا کی شدت کم ہو گی لیکن لاہور، کراچی، فیصل آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں کے اسپتالوں میں دباؤ بڑھے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 14 اپریل کو صوبے لاک ڈاؤن کے حوالے سے فیصلہ کریں گے کہ وہ کس شعبے کو کھولنا چاہتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کچھ ایسے شعبے ہیں جنہیں احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کھولا جا سکتا ہے۔ تاکہ لوگوں کو روزگار میسر آ سکے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبوں کے درمیاں اس ضمن میں مکمل رابطہ ہے۔
ایران: مسجد ماسک بنانے کے کارخانے میں تبدیل
ایران مشرق وسطیٰ کا وہ ملک ہے جو کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ایران میں اس وبا سے لگ بھگ چار ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 64 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
ایسے میں جب ایران کو بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے۔ ملک میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت اسپتالوں کے لیے سامان تیار کر رہے ہیں۔ دارالحکومت تہران کی ایک مسجد میں باقاعدہ ایک کارخانہ بنایا گیا ہے جہاں اسپتالوں کے لیے ماسک اور دیگر اشیا تیار کی جا رہی ہیں۔