- By علی فرقان
آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے مزید ایک ارب 38 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کرونا وائرس کے باعث پاکستانی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیشِ نظر پاکستان کو ایک ارب 38 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔
پاکستان کو مزید قرض کی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے واشنگٹن ڈی سی میں اپنے اجلاس کے دوران دی۔
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پاکستان یہ رقم کرونا وائرس سے اس کی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے نمٹنے کے لیے خرچ کرے گا۔ اس سے پاکستان کو امدادی کاموں، ادائیگیوں کا توازن برقرار رکھنے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث خراب معاشی صورتِ حال کے پیش نظر فنڈ ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ (آر ایف آئی) کے تحت آئی ایم ایف سے ہنگامی مالی مدد کی درخواست کی تھی۔
صدر ٹرمپ کی لاک ڈاؤن ختم کرنے کی گائیڈ لائنز جاری
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف ریاستوں میں پابندیاں اٹھانے اور معمولاتِ زندگی بحال کرنے سے متعلق تین مراحل پر مشتمل گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بعض ریاستوں میں معلوماتِ زندگی فوری طور پر بحال ہو جائیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر اُن کی ماہرین کی ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں دوسرا قدم اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ "ہم ملک کو کھولنے جا رہے ہیں۔"
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بعض ریاستیں کرونا وائرس کے اثرات سے محفوظ ہیں اور وہ کل ہی کھولی جا سکتی ہیں۔
- By علی فرقان
جمعے کے اجتماعات کے بجائے نماز گھر میں ادا کرنے کی حکومتی اپیل
پاکستان کی وازرتِ مذہبی امور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے باعث جمعہ کے اجتماعات کے بجائے نماز گھر پر ادا کریں۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ نمازِ جمعہ اور مساجد میں نماز کی ادائیگی کے حوالے سے حکومت کے قواعد (ایس او پی) میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
جمعرات کی شب وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ترجمان عمران صدیقی نے کہا کہ عوام حکومتی قواعد اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نمازِ جمعہ گزشتہ جمعے کی طرح مساجد کے بجائے گھروں پر ہی ادا کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک میں جاری لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہو گا اور اب مساجد میں باجماعت نماز ادا کی جائے گی۔