پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کے ویزوں میں توسیع
پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کے ویزے میں 30 جون 2020 تک توسیع کر دی گئی۔
وزارت داخلہ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری بندشوں کے سبب ویزوں کی مدت میں توسیع کی۔
رپورٹس کے مطابق غیر ملکیوں کے ویزوں میں توسیع سے متعلق تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش: سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ گارمنٹس فیکٹریوں میں کام
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں گارمنٹس فیکٹریوں میں کام کرنے خواتین سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کام کر رہی ہیں۔
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کارخانوں کے باہر ملازمین کی اسکریننگ کی جاتی ہے جب کہ ان کے ہاتھ جراثیم کش محلول سے صاف کرائے جاتے ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن، ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی
کرونا وائرس کے چند مثبت اثرات میں سے ایک ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی ہے جو لاک ڈاؤن کے سبب کارخانے بند ہونے، گاڑیوں اور ایندھن کے کم استعمال کی وجہ سے ظاہر ہو رہی ہے۔ آلودگی میں کمی کے انسانی صحت پر بھی خاصے مفید اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آلودگی میں کمی سے اچانک یا کسی اٹیک سے ہونے والی اموات کی شرح کم ہوئی ہے۔ دمے کے مرض میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
یہ تحقیق ناروے کے ایک ماحولیات سے متعلق تحقیقی ادارے 'سینٹر فور انٹرنیشنل کلائمیٹ ریسرچ' نے کچھ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آلودگی کم ہونے سے سات ہزار کے لگ بھگ قبل از وقت اموات اور تقریباً اتنے ہی دمے کے حملوں میں بھی کمی آئی ہے۔
تحقیق کے دوران 27 ممالک کے 10 ہزار سے زائد ایئر مانیٹرز کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے اور اس کا موازنہ گزشتہ تین سال کی ایئر کوالٹی کے اعداد و شمار سے کیا گیا ہے۔
- By محمد ثاقب
سندھ میں ایک ہی دن میں 400 سے زائد نئے کیسز رپورٹ
سندھ میں کرونا سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 100 ہوگئی ہے جب کہ ایک ہی روز میں کرونا کے 400 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں ایک ہی روز میں 8 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں جو ایک ہی روز میں صوبے میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں بتائی جا رہی ہیں۔
ایک ویڈیو بیان میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ نے بتایا کہ تشویشناک بات ہے کہ منگل کے روز کرونا کے 404 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اسی دوران 8 مریض انتقال کرگئے۔
ان کے بقول سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 200 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 3729 کرونا کے ٹیسٹ کیے گئے اس طرح سندھ میں اب تک 51790 کرونا کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق اب تک کرونا سے متاثرہ 1161 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ جو کُل تعداد کا 20.5 فی صد ہے۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرونا کے باعث صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 100 ہوگئی ہے۔ اس وقت صوبے میں 4426 مریض زیرعلاج ہیں جب کہ 3187 مریض گھروں میں ہی قطرنطینہ میں ہیں۔ صوبے میں 36 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جب کہ 18 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں ایک روز کے دوران کرونا کے 332 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جن میں ضلع جنوبی میں 113، ضلع شرقی میں 100 اور ضلع وسطی میں 39، کورنگی میں 37، ضلع غربی میں 26 اور ملیر میں 17 کرونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
سندھ کے دیگر شہروں میں نئے کیسز کی تعداد 72 بتائی جاتی ہے جن میں سکھر میں 14، لاڑکانہ اور خیرپور میں 13-13، شہید بینظیر آباد اور شکار پور میں 7-7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
حکام کے مطابق کراچی میں بیرون ملک سے 2 پروازیں 505 مسافر لے کر پہنچیں۔ جن میں 69 مسافروں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جب کہ 39 کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔