- By مدثرہ منظر
کرونا کی وبا میں بچے شدید بیمار ہو رہے ہیں
کرونا کی وبا کے دوران ابتدا میں یہ کہا جا رہا تھا کہ بچے اس وائرس سے محفوظ ہیں۔ زیادہ خطرہ معمر لوگوں کو ہے اور ان میں بھی پچاس سے ستر برس کے لوگوں کو۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اگرچہ اس وبا کا زور ابھی ٹوٹا نہیں تھا کہ اچانک بچے بہت بیمار ہو کر ہسپتال پہنچنا شروع ہو گئے۔
پہلے یہ اطلاعات یورپ سے آئیں کہ سکول جانے کی عمر کے بچے ایک خاص طرح کی بیماری کے ساتھ اسپتال لائے جا رہے ہیں جن میں بہت تیز بخار، جسم پر ریش، پیٹ کی تکلیف اور قے آنا وغیرہ شامل ہے۔
وہاں اس بارے میں تحقیق کی جا رہی ہے کہ آیا بچے کووڈ 19 کا شکار ہو رہے ہیں؟ اب ان ہی علامات کے ساتھ بچے نیویارک کے اسپتالوں میں بھی لائے جا رہے ہیں۔
گذشتہ ہفتے کے دوران 85 بچے بیمار ہو کر اسپتال پہنچے اور ان میں سے تین جانبر نہ ہو سکے۔ طبی ماہرین نے فوراً اس بات کی تحقیق شروع کر دی ہے کہ آیا ان بچوں کی یہ حالت کرونا وائرس کی وجہ سے ہے۔
- By یاسمین جمیل
بلوچستان میں ورلڈ فوڈ کا کوویڈ 19 امدادی منصوبہ
اقوام متحدہ کا ادارہ، ورلڈ فوڈ پروگرام، بلوچستان میں لاک ڈاون کے دوران بے روز گار ہو جانے والے 10450 خاندانوں کو کیش فار ورک پراجیکٹ کے تحت 26 کروڑ روپے تقسیم کرے گا۔
اس پراجیکٹ کے تحت بے روز گار ہونے والے لوگوں کو کام فراہم کیا جا رہا ہے اور معاوضے کے طور پر انہیں ہر ماہ فی خاندان ساڑھے آٹھ ہزار روپے ادا کئے جا رہے ہیں اور تین ماہ میں انہیں کل 25500 روپے نقد کی صورت میں ادا کئے جائیں گے۔
کیش فار ورک کے اس پراجیکٹ پر بلوچستان کے دو غیر سرکاری ادارے ترقی فاونڈیشن اور آزت فاونڈیشن عمل درآمد کر رہا ہے۔
واِئس آف امریکہ کو ایک انٹرویو میں ترقی فاونڈیشن کے سی ای او امجد رشید نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت بے روزگار ہونے والے لوگوں کو انہی شعبوں میں کام کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں جن میں وہ پہلے سے کام کر رہے تھے۔ جن میں کھیتوں کو لیول کرنا، نالوں کی صفائی، کنووں کی صفائی، پانی کی سپلاِئی کے کاریز سسٹم کی صفائی اور واٹر چینلز کی صفائی شامل ہے۔
امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پہلی فلائٹ اسلام آباد پہنچ گئی
پی آئی اے کی امریکہ سے پہلی امدادی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی پی کے 8722 کے ذریعے 179 مسافر واشنگٹن سے اسلام آباد پہنچے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کان نے بتایا ہے کہ مسافروں نے وطن واپس پہنچنے پر پی آئی اے کی خدمات کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے بیرون ملک پھنسے ہوئے آخری پاکستانی کی وطن واپسی تک اپنا امدادی آپریشن جاری رکھے گی۔
واشنگٹن سے پی آئی آئی کی پرواز سے اسلام پہنچنے والے پاکستانی وہ تھے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے امریکہ میں پھنس گئے تھے۔
امریکہ سے اگلے چند دنوں میں مزید امدادی پروازیں بھی پاکستان پہنچیں گی۔
کیا کرونا وائرس کے خلاف الٹرا وائلٹ لیمپس کارآمد ہوں گے؟
امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی کے محقیقین ایسے لیمپس پر تحقیق کر رہے ہیں جن کی مدد سے خطرناک وباؤں کو ختم یا ان کو پھیلنے سے روکا جا سکے گا۔
چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والا کرونا وائرس ان محققین کی مذکورہ ریسرچ کو حتمی شکل دے سکتا ہے جو کہ کئی سالوں سے جاری ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق الٹرا وائلٹ شعاعوں کے حامل ‘یو وی سی لیمپس’ اسپتالوں اور شعبہ خوراک میں ایک عرصے سے بیکٹیریاز اور وائرسز کو مارنے کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔
کولمبیا یونیورسٹی میں ریڈیولوجیکل ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈیوڈ بینر کا کہنا ہے کہ یو وی سی لیمپس کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔ جن کی حد 22 نینو میٹرز انسانوں کے لیے محفوظ ہے اور وائرسز ختم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔