امریکہ: صدر ٹرمپ کی اسکول نہ کھولنے پر امداد میں کٹوتی کی دھمکی
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جو ریاستیں موسم خزاں تک اسکول نہیں کھولیں گی، ان میں اسکولوں کو دی جانے والی امداد میں کٹوتی کی جا سکتی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں یورپ میں کھولے جانے والے اسکولوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں جو اسکول نہیں کھولے جائیں گے، انہیں وفاق کی طرف سے ملنے والی امداد میں کٹوتی کی جا سکتی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ صدر ٹرمپ کا اشارہ کس امداد کی طرف ہے۔ کیوں کہ امریکی آئین کے مطابق پرائمری اور سیکنڈری تعلیم فراہم کرنا ریاستوں کی ذمہ داری ہے۔ تاہم وفاقی حکومت کی طرف سے کچھ سپلیمنٹری امداد بھی دی جاتی ہے۔
کرونا کے دور میں سنگاپور میں انتخابات
نیو یارک: موسم خزاں میں اسکول کھولنے کا فیصلہ
امریکہ کے شہر نیویارک کے میئر بل دی بلاسیو کا کہنا ہے کہ موسمِ خزاں میں طلبہ ہفتے میں دو یا تین دن اسکول جا سکیں گے جب کہ باقی دنوں میں آن لائن کلاسز ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں کے تمام طلبہ ایک ہی وقت میں اسکول نہیں جا سکیں گے۔
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران میئر بل دی بلاسیو کا کہنا تھا کہ تمام اسکول رواں ماہ 31 جولائی تک اپنے پلان جمع کرائیں جس کے بعد حکومت اگلے ماہ اگست کے پہلے ہفتے میں اسکول کھولنے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔
افغانستان میں 34 ہزار افراد کرونا وائرس میں مبتلا
افغانستان کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں 'کووڈ 19' کے 286 نئے کیسز کے ساتھ کرونا کے مریضوں کی کل تعداد 34 ہزار 194 ہو گئی ہے جب کہ اموات 971 ہو چکی ہیں۔
وزارتِ صحت نے کرونا کے مریضوں کی اصل تعداد کا اندازہ لگانے کے لیے ایک سروے بھی شروع کیا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق یہ جائزہ آئندہ ہفتے مکمل ہو جائے گا جس کے بعد اس کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔