- By شمیم شاہد
خیبرپختونخوا میں جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی حکومت نے کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر صوبے بھر میں جزوی لاک ڈاؤن میں آئندہ اتوار تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیرِ صدارت پیر کو اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس کے دوران کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورتِ حال اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران گزشتہ تین روز سے جاری جزوی لاک ڈاؤن کے بہتر نتائج کو دیکھتے ہوئے اس میں 29 مارچ تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جزوی لاک ڈاؤن کے دوران صوبے کے تمام تجارتی مراکز، ہوٹل اور ریستوران بند رہیں گے جب کہ صوبے بھر میں بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی ہو گی۔
حکام کے مطابق صوبے بھر میں کھانے پینے کی اشیاء، میڈیکل اسٹورز، ایمبولینسز اور سامان سے لدھی ہوئی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
- By محمد ثاقب
وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کرونا وائرس میں مبتلا
پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیرِ تعلیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ایک بیان میں کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ ان کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق انہیں فی الحال کوئی ایسی ظاہری علامات نہیں جس سے اس بیماری کا معلوم ہو۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں کھانسی، نزلہ، بخار بالکل نہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے فوری طور پر تمام سرگرمیاں ترک کر دیں اور وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے بچا جاسکے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وبا سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہی ہے جہاں اب تک اس کے مریضوں کی تعداد 350 سے تجاوز کرچکی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد صوبائی کابینہ کے دیگر ارکان میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پاکستان بھر میں فوج کی تعیناتی کے نوٹی فکیشنز جاری
پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں فوج کی تعیناتی کے الگ الگ نوٹی فکیشن جاری کر دیے ہیں جس کے تحت ملک کے چاروں صوبوں کے علاوہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی فوج تعینات ہو گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی فوجی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہے۔
- By یوسف جمیل
بھارتی کشمیر میں لاک ڈاؤن کامیاب بنانے کے لیے ڈرونز کا استعمال
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے گرمائی صدر مقام سرینگر سمیت دوسرے شہروں میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے کیمرے لگے ڈرون استعمال کر رہے ہیں۔
ڈرون استعمال کرنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار وجے کمار نے بتایا کہ ان ڈرونز کے ذریعے جوں ہی کسی جگہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کا علم ہوتا ہے تو پولیس مناسب کارروائی کے لیے فوری طور پر اس مقام پر پہنچ جاتی ہے۔
اس دوران پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کر کے سڑکوں پر جمع ہونے کے الزام میں تین درجن سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر پابندیوں کو مزید سخت کیا جائے گا-
ان کا کہنا تھا کہ ان ڈرونز کے ذریعے لوگوں کو اپنے آپ کو گھروں تک محدود کرنے کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں پیغامات بھی پہنچائے جا رہے ہیں۔