'پاکستان میں اب تک 39183 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں'
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرز اکا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 577 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 3464 ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیسز کی بڑی تعداد سامنے آئی ہے۔ تعداد میں ایک دم اضافہ نہیں ہوا بلکہ قرنطینہ میں موجود افراد کے ٹیسٹ کے نتائج ڈیٹابیس میں درج کیے گئے ہیں۔
ان کے بقول اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 577 افراد میں سے سب سے زیادہ کیسز پنجاب سے سامنے آئے جن کی تعداد 425 ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وائرس سے پاکستان میں 54 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں کا تخمینہ اندازوں سے کم ہیں۔
کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں پاکستان میں چار اسپتالوں یا لیبارٹریز میں ٹیسٹ ہو رہے تھے۔ ان میں اضافہ ہوا ہے اور 18 لیبارٹرز میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ ان کو آنے والے دنوں میں ان کی تعداد 40 تک کر دی جائے گی۔
ان کے بقول کرونا کے ٹیسٹ کی کٹس آنے والے دنوں لاکھوں تعداد میں دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب تک 39183 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں موجود اسد عمر نے کہا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو احساس پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے ماہانہ دینے کا سلسلہ دو روز میں شروع ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ملک کے 40 لاکھ خاندانوں کو امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اس پروگرام کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ مستحق خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کرنے کے لیے 17 ہزارکے قریب مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 48 ارب روپے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
صوبوں کو وفاق سے فنڈز نہ ملنے کی تنقید کے حوالے سے اسد عمر نے کہا کہ وفاق نے پیسہ صوبوں کو نہیں دینا بلکہ مرکز سے طبی سامان صوبوں کو دیا جا رہا ہے جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے غذائی اجناس تمام صوبوں پہنچائی جا رہی ہے۔
دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 63 ہزار سے متجاوز
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 13 لاکھ 63 ہزار سے متجاوز کر گئے ہیں۔
اعداد و شمار جمع کرنے والی ویب سائٹ 'ورلڈو میٹرز' کے مطابق وبا سے متاثر ہونے والے دو لاکھ 94 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 76 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے۔
وبا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں 16523 ہو چکی ہیں جب کہ اسپین میں 13798 افراد کی موت ہوئی ہے۔
امریکہ میں حکام نے 10966 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ فرانس میں 8911، برطانیہ میں 5373، ایران میں 3872، چین میں 3331، نیدر لینڈز میں 2101، بیلجیم میں 2035 اور جرمنی میں 1822 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
کیسز کے لحاظ سے امریکہ سب سے آگے ہے جہاں 3 لاکھ 68 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے بعد اسپین میں ایک لاکھ 40 ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ 32 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ تین ہزار، فرانس میں 98ہزار، چین میں 81 ہزار جب کہ ایران میں 62ہزار کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
وائرس سے یورپی ممالک بہت زیادہ متاثرہ ہیں جہاں ایک جانب کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جب کہ اموات بھی بڑح رہی ہیں۔
- By محمد ثاقب
کراچی میں کرونا وائرس سے مرنے والے ڈاکٹر خیراتی اسپتال کے بانی
سندھ میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے سینئر ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کی موت کے بعد حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی سے دیگر ڈاکٹرز اور طبی عملے میں تشویش بڑھ رہی ہے۔
کراچی میں وائرس سے ہلاک ہونے والے ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کا تعلق شکارپور سے تھا اور وہ چانڈکا میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرکے گذشتہ کئی دہائیوں سے پریکٹس کر رہے تھے۔
طویل عرصے تک پاکستان اسٹیل ملز کے اسپتال سے وابستہ رہنے کے بعد وہ 2016 میں ریٹائر ہوئے تھے جب کہ کراچی کے علاقے گلشن حدید میں واقع خیراتی اسپتال فریدہ یعقوب میں خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ وہ اس اسپتال کے بانی ارکان میں شامل تھے۔
ڈاکٹر عبدالقادر سومرو جماعت اسلامی کے ذیلی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر بھی تھے۔
کرونا احساس کیش فنڈ: مستحقین تک رقم کس طرح پہنچے گی؟
حکومتِ پاکستان نے کرونا وائرس کے باعث صنعتیں بند اور کاروبار زندگی متاثر ہونے کے سبب ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو فی خاندان 12 ہزار روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
کرونا ایمرجنسی احساس کیش فنڈ کے لیے ایک ایس ایم ایس سروس شروع کی گئی ہے جس کے تحت مستحق افراد کو 4 ماہ کے لیے 12 ہزار روپے ملیں گے۔
جس شخص کو امدادی رقم کی ضرورت ہوگی وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر 8171 پر ایس ایم ایس کرے گا۔ یہ ایس ایم ایس نادرا کے ڈیٹا بیس سے چیک کیا جائے گا کہ آیا یہ شخص امداد کا اہل ہے بھی یا نہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کہتی ہیں کہ اس پروگرام میں تمام رقوم بائیو میٹرک شناخت کے ذریعے ہی دی جائیں گی۔