'فرانس میں لاک ڈاؤن 11 مئی تک جاری رہے گا'
فرانس میں حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کر دی ہے۔
فرانسیسی صدر ایمنوئل میکخواں نے پیر کو ٹیلی ویژن پر خطاب کے دوران کہا کہ فرانس میں لاک ڈاؤن 11 مئی تک جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 11 مئی کے بعد اسکولوں کو مرحلہ وار کھول دیا جائے گا۔
فرانس میں ابھی تک کرونا وائرس کو پھیلنے سے نہیں روکا جا سکا ہے اور ملک بھر میں شدید تناؤ کی کیفیت پائی جاتی ہے۔
صدر کا کہنا تھا کہ کوشش جاری رکھنا ہوں گی اور متعلقہ ضابطوں کا مسلسل اطلاق کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ضابطوں پر جس قدر پابندی سے عمل کیا جائے گا اس سے مزید زندگیوں کو بچایا جا سکے گا۔
'نیویارک میں پابندیوں میں نرمی میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں'
نیویارک کے گورنر انڈریو کومو نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی اور مزید کاروبار کھولنے میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک دو ہفتوں یا تین ہفتوں کی بات نہیں کر رہے۔ ہم کئی ماہ کی بات کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس کا مرکز نیویارک ہے۔ جہاں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
انڈریو کومو نے کہا کہ نیویارک میں پابندیاں میں کمی اور کاروبار کا آغاز بتدریج ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورنا وائرس کے باعث عائد پابندیاں تیزی سے نرم کرنے سے تباہ کن نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ انتھونی فاؤچی کو عہدے سے نہیں ہٹا رہے: وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگن گیڈلی نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کو عہدے سے نہیں ہٹا رہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ کا کردار مضحکہ خیز ہے۔ ڈاکٹر فاؤچی صدر ٹرمپ کا قابل اعتماد معاون تھے اور اب بھی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا تھا جس میں ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کو ان کے عہدے سے فارغ کرنے کا ٹرینڈ استعمال کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کے معاون ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا تھا کہ اگر کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اقدامات پہلے کیے جاتے تو زیادہ لوگوں کی زندگی کو محفوظ کیا جا سکتا تھا۔
انہوں نے کرونا وائرس سے امریکہ میں ایک سے دو لاکھ افراد کی موت کا اندازہ بھی پیش کیا تھا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کریں تو یہ تعداد 20 لاکھ سے زائد ہو سکتی ہے۔
- By محمد ثاقب
'اب لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا'
مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔
کراچی پریس کلب میں مفتی منیب الرحمٰن اور دیگر علما کے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد میں نمازیں ہوتیں رہیں۔ بزرگ افراد مساجد میں آنے سے گریز کریں۔
انہوں نے تجویز دی کہ مساجد کی صف بندی میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ نماز کی ادائیگی کے فوری بعد نمازی اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس پر مختلف لوگوں کے تحفظات پاۓ جاتے ہیں۔ اسی حوالے سے اتحاد تنظمیات مدارس کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بذریعہ ٹیلیفون مولانا فضل الرحمٰن، سینیٹر سراج الحق، پروفیسر ساجد میر کے علاوہ دیگر اہم افراد نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اب لاک ڈائون کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا لاک ڈاؤن کریں اپنے زمینی حقائق بھی دیکھیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تین ماہ کے لیے مساجد اور دینی اداروں کے بل معاف کیے جائیں۔
مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ریاست پورے ملک کے مسلمانوں کی مدد اور کفالت کرے۔