رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:40 16.4.2020

پاکستان میں شرح سود 2 فی صد کمی، نئی شرح 9 فی صد مقرر

پاکستان کے مرکزی بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے ملک میں شرح سود مزید دو فی صد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ملک میں نئی شرح سود اب 9 فی صد مقرر ہوگی۔ ملک میں ایک ماہ کے کم ترین عرصے میں شرح سود میں 425 بیسز پوائنٹس کمی کی جاچکی ہے۔

مانیٹری پالیسی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں تیزی سے بگڑتے ہوئے عالمی معاشی حالات اور اس کے ملکی اقتصادی منظرنامے پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اس صورت حال میں معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

مانیٹری پالیسی کمیٹی کے ایمرجنسی اجلاس نے موجودہ معاشی منظر نامے کی روشنی میں فیصلہ کیا کہ شرح سود کو مزید 200 بیسز پوائنٹس کم کیا جائے۔

کمیٹی کے مطابق یہ عمل اور اس سے قبل اٹھائے گئے اقدامات سے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والی شرح نمو، نجی شعبے میں ملازمتوں کے تحفظ، قرضوں کے حصول میں آسانی، قرضوں کی واپسی کی مدت میں توسیع کے ساتھ معاشی استحکام برقرار رکھنے کا بھی باعث بنے گا۔

01:45 17.4.2020

بھارت میں تبلیغی جماعت کے امیر پر قتل خطا کا مقدمہ، ترجمان کی تردید

بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے تبلیغی جماعت کے امیر مولانا سعد کاندھلوی کے خلاف پہلے سے درج مقدمے میں قتل کی دفعہ بھی شامل کر لی ہے۔ تاہم تبلیغی جماعت کے ترجمان نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مولانا سعد کاندھلوی کے خلاف مقدمے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 304 کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس دفعہ کے تحت ملزم کی ضمانت نہیں ہو سکتی اور جرم ثابت ہونے پر کم از کم 10 برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہلی میں 20 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی کے باوجود تبلیغی جماعت کے مرکز میں ہونے والے اجتماع میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔ شرکا میں سے متعدد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور کچھ کی موت واقع ہو چکی ہے۔

اجتماع کے بعد تمام غیر ملکیوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں بھارتی شرکا کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ مولانا سعد بھی از خود قرنطینہ میں ہیں۔

تبلیغی جماعت کے ترجمان شاہد علی ایڈووکیٹ نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے امیر کے خلاف درج مقدمے میں قتلِ خطا کی دفعہ شامل کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ ایسی کوئی دفعہ مقدمے میں شامل نہیں کی گئی ہے۔

01:50 17.4.2020

کرونا وائرس کب ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتا ہے؟

کرونا وائرس پر ہونے والی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بیماری کی علامتیں ظاہر ہونے سے پہلے ہی وائرس متاثرہ شخص سے صحت مند افراد میں منتقل ہونا شروع ہو جاتا ہے اور علامتیں ظاہر ہونے سے تقریباً ڈھائی دن پہلے اس کی منتقلی اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے۔

سائنسی جریدے، نیچرمیڈیسن میں 15 اپریل کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے ہر 10 میں سے 4 سے زیادہ کیسز میں وائرس اس وقت منتقل ہوا جب وائرس پھیلانے والا شخص بظاہر صحت مند تھا۔

ایک حالیہ تحقیق کے بعد سائنس دانوں نے کہا ہے کہ وائرس لگنے کے بعد انسانی جسم میں وہ پھیلنا اور بڑھنا شروع کر دیتا ہے۔ مرض کی علامتیں ظاہر ہونے سے دو سے تین روز پہلے وائرس کا پھیلاؤ اپنے عروج پر پہنچ جاتا ہے۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے کہ وہ دوسرے لوگوں میں منتقلی کے لیے تیار ہوتا ہے۔

سائنس دانوں کا اندازہ ہے کہ 44 فی صد کے لگ بھگ لوگوں میں وائرس اس وقت منتقل ہوتا ہے جب وائرس پھیلانے والے شخص میں مرض کی کوئی علامت نہیں ہوتی۔

سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے چین کے گوانگ زو ایٹتھ پیپلز ہاسپٹل میں 21 جنوری سے 14 فروری کے دوران کرونا وائرس کے 94 مریضوں سے انفکشن کے سیمپل حاصل کیے۔ لیبارٹری تجزیے سے پتا چلا کہ وائرس کی نشوونما مرض کی علامتیں ظاہر ہونے سے دو تین روز پہلے اپنے عروج پر پہنچ گئی اور اگلے 21 روز میں وائرس کی شدت کم ہوتی چلی گئی۔

کرونا وائرس کے 77 مریضوں پر کی گئی ایک اور تحقیق سے ماہرین کو معلوم ہوا کہ علامتیں ظاہر ہونے سے ڈھائی دن پہلے اور تقریباً 16 گھنٹے قبل تک وائرس کی قوت اپنے عروج پر ہوتی ہے اور اس عرصے میں متاثرہ شخص بڑے پیمانے اپنا وائرس صحت مند لوگوں میں منتقل کرسکتا ہے۔

01:52 17.4.2020

امریکہ میں چار ہفتوں کے دوران سوا دو کروڑ افراد بے روزگار

امریکہ میں بیروزگار ہوجانے والوں کی تعداد میں ہر ہفتے دسیوں لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے اور چار ہفتوں میں یہ تعداد سوا دو کروڑ تک جا پہنچی ہے۔ دوسری جانب، حکومت نے کروڑوں ٹیکس گزاروں کو ریلیف دینے کے لیے ان کے بینک اکاؤنٹس میں 1200 ڈالر فی کس جمع کرائے ہیں۔ لیکن، لاکھوں محروم بھی رہ گئے ہیں۔

محکمہ محنت کے مطابق، گزشتہ ہفتے ملک بھر میں 52 لاکھ افراد نے بیروزگاری انشورنس کلیم داخل کیے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چار ہفتے پہلے ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد پہلے ہفتے میں 33 لاکھ، دوسرے ہفتے میں 69 لاکھ اور تیسرے ہفتے میں 66 لاکھ افراد نے بیروزگاری الاؤنس کے لیے درخواست دی تھی۔

امریکہ میں 2008 کی معاشی کساد بازاری کے بعد فروری 2010 سے فروری 2020 تک روزگار کے 2 کروڑ 28 لاکھ مواقع پیدا ہوئے تھے۔ لیکن اب ایک ماہ میں بیروزگار ہوجانے والوں کی تعداد 2 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے، جس نے ایک عشرے کی معاشی ترقی پر پانی پھیر دیا ہے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG