- By علی فرقان
آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے مزید ایک ارب 38 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کرونا وائرس کے باعث پاکستانی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیشِ نظر پاکستان کو ایک ارب 38 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔
پاکستان کو مزید قرض کی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے واشنگٹن ڈی سی میں اپنے اجلاس کے دوران دی۔
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پاکستان یہ رقم کرونا وائرس سے اس کی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے نمٹنے کے لیے خرچ کرے گا۔ اس سے پاکستان کو امدادی کاموں، ادائیگیوں کا توازن برقرار رکھنے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث خراب معاشی صورتِ حال کے پیش نظر فنڈ ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ (آر ایف آئی) کے تحت آئی ایم ایف سے ہنگامی مالی مدد کی درخواست کی تھی۔
- By شمیم شاہد
کرونا کے باعث افغانستان میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی
سرحدی گزرگاہوں کی بندش کے باعث افغانستان میں پھنس جانے والے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل طورخم سرحد کے ذریعے جمعے کی صبح شروع کر دیا گیا ہے۔
افغانستان سے پاکستان واپس آنے والے باشندوں کے لیے لنڈی کوتل کے گورنمنٹ ڈگری کالج میں قرنطینہ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ جس میں 1000 افراد کو رکھنے کی گنجائش ہے۔
انتظامیہ نے لنڈی کوتل کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کے لیے خصوصی نگہداشت وارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔ یہ پاکستانی شہری گزشتہ ماہ مارچ سے افغانستان میں تھے۔
سرحد پار افغانستان سے طورخم کے راستے پاکستان واپس آنے والوں کو خصوصی گاڑیوں اور ایمبولینسز کے ذریعے لنڈی کوتل کے ڈگری کالج میں قائم قرنطینہ مرکز میں منتقل کیا جارہا ہے۔
لاک ڈاؤن کے باعث سرینگر کی سڑکیں سنسان