رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:51 13.5.2020

بھارت: معیشت میں بہتری کے لیے 265 ارب ڈالرز کے اقتصادی پیکج کا اعلان

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ کردہ لاک ڈاؤن نے بھارتی معیشت پر بہت برا اثر ڈالا ہے۔ اقتصادی سرگرمیاں ٹھپ ہو گئی ہیں اور متعدد شعبے تباہی کے دہانے پر ہیں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے معیشت میں بہتری کے لیے ایک بڑے اقتصادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے معیشت کو سہارا دینے کے لیے 20 لاکھ کروڑ روپے (تقریباً 265 ارب ڈالر) کے اقتصادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی حکومت عالمی وبا کی صورتِ حال میں معیشت سے متعلق جن پیکجز کا اعلان کر چکی ہے، وہ مجموعی قومی پیداوار یعنی جی ڈی پی کا تقریباً 10 فی صد بنتے ہیں۔

امریکہ اور جاپان بھی ایسے ہی بڑے اقتصادی پیکجز کا اعلان کر چکے ہیں۔ امریکہ کا پیکج مجموعی ملکی جی ڈی پی کا 13 فی صد اور جاپان کا 21 فی صد تھا۔

منگل کی شب وزیرِ اعظم مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اس پیکج کو 'سیلف ریلائنٹ انڈیا مشن' یعنی خود کفیل بھارت مشن کا نام دیا۔

مزید جانیے

17:00 13.5.2020

نیوزی لینڈ اور تھائی لینڈ میں کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان

نیوزی لینڈ اور تھائی لینڈ میں بدھ کو کسی نئے کرونا وائرس کے کیس کی تصدیق نہیں ہوئی جب کہ ان ممالک کی حکومتوں نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔

نیوزی لینڈ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ چوتھا دن ہے جس میں کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ جس سے ایک ماہ تک جاری رہنے والے سخت لاک ڈاؤن کی کامیابی کے اشارے ملے ہیں۔

نیوزی لینڈ میں بیشتر اسٹورز اور ریستوران سماجی فاصلے کی پابندی کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ادھر تھائی لینڈ میں مارچ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایک روز کے دوران کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

حکومت لوگوں کو باہر جاتے ہوئے ماسک پہننے کی روایت جاری رکھنے کی ہدایت دے رہی ہے۔

جمعہ کو اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ پابندیاں مزید نرم کرتے ہوئے شاپنگ مالز کو کھولنے کی اجازت دی جائے یا نہیں۔

17:05 13.5.2020

میکسیکو: تعمیرات، کان کنی اور کارسازی کی صنعتوں کو کھولنے کی اجازت

میکسیکو کی ہیلتھ کونسل نے تعمیرات، کان کنی اور کارسازی کی صنعتوں کو لازمی صنعتیں قرار دیا ہے۔ یوں انہیں دوبارہ کاروبار شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے جب کہ باقی کاروبار لاک ڈاؤن کی بندشوں کے باعث بند رہیں گے۔

توقع ہے کہ میکسیکو کی صدر آندرے مینوئل لوپیز ملک میں کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کر دیں گے۔

میکسیکو کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 38000 ہے جب کہ اس وائرس سے اب تک 3900 اموات ہو چکی ہیں۔

17:33 13.5.2020

قومی اسمبلی کا اجلاس: حزب اختلاف کی حکومتی حکمت عملی پر تنقید

پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے اجلاس میں حزب اختلاف کے رہنماؤں نے کرونا وائرس کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی پر تنقید کی ہے جب کہ وفاقی وزرا کہتے ہیں کہ اپوزیشن تنقید کے بجائے تجاویز پیش کرے۔

کرونا وائرس کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے قومی اسمبلی کے اس غیر روایتی اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کی۔

اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی صلاحیت اور تعداد کے بارے میں حکومتی وزرا کے متضاد بیانات کا معاملہ ایوان میں اٹھایا جب کہ 18ویں ترمیم کے حوالے سے حکومتی رہنماؤں کے بیانات کو قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا۔

ایوان میں خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 19 فی صد اور اموات 11 فی صد تک پہنچ گئی ہیں جب کہ حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے جس کا نتیجہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اجلاس کر رہی ہے۔ وزیر اعظم خطاب کر رہے ہیں لیکن تاحال یہ واضح نہیں کہ اس وبا کے خلاف حکمت عملی پر حکومتی پالیسی کیا ہے۔

انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے حکمت عملی تحریری صورت میں قومی اسمبلی میں پیش کی جائے۔

حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کرونا وائرس پر بات کرنے کے بجائے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جس سے قومی اسمبلی کے بلائے گئے اس اجلاس کے مقاصد پورے نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی تجاویز سامنے لائے حکومت ان کو کرونا وائرس کے تدارک کی حکمت عملی کا حصہ بنائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کی حکومت نے کاروباری سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے تاہم اسکول اور جامعات تاحال بند ہیں۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ہر ایک دن کے وقفے کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے جو کہ اب جمعے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں تاہم بعض اراکین کی جانب سے حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی پر ڈپٹی اسپیکر مائیک سے تنبیہ کرتے رہے۔

حکومت کی خواہش تھی کہ موجودہ حالات میں قومی اسمبلی کا ورچوئل اجلاس بلایا جائے، تاہم حزب اختلاف نے یہ کہہ کر اتفاق نہیں کیا کہ قواعد میں اس کی اجازت نہیں ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG