کرونا وائرس: مدافعتی نظام اور انسانی خلیوں پر تازہ تحقیق
ایسے میں جب کرونا وائرس کے بارے میں ابھی تک قیاس آرائیاں چل رہی ہیں اور بظاہر مفروضوں کی بنیاد پر ہی تحقیق کا کام ہو رہا ہے، سائنسدان کوویڈ نائنٹین کی گتھی سلجھانے کے لئے انسان کے مدافعتی نظام پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ ایک نئے مطالعے نے اس بات کا تجزیہ کیا ہے کہ مختلف مدافعتی نظام کرونا وائرس پر کس طرح کا ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
انسان کا یہ نظام کروڑوں ایسے خلیوں پر مشتمل ہے جنھیں ٹی سیلز کہا جاتا ہے، قائم ہے جو جسم میں داخل ہونے والے کسی بھی وائرس کی شناخت کرنے کے بعد اس کا مقابلہ کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
مائیکروسافٹ اور بائیو ٹیکنالوجی کی مدد سے کوویڈ نائنٹین کے انفیکشن کی صورت میں اس بات کی پہچان کی جاسکے گی کہ جسم میں موجود یہ خلیے کس طرح ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
وائس آف امریکہ کی نامہ نگار ٹینا ٹرین نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسے ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کو یکساں طور پر تشخیص اور علاج معالجے کو بہتر بنانے اور ویکسین کی تیاری میں مدد مل سکتی ہے۔
سیاٹل میں مقیم کرسٹی کراس ان لوگوں میں شامل ہیں جن میں کرونا وائرس کے انفیکشن کا پہلے پہل پتا چلا تھا۔ وہ صحت یاب ہوگئیں اور اب وہ اس وائرس پر تحقیق کے ایک پروجیکٹ سے منسلک ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے اپنا خون نکلوانا پسند نہیں۔ لیکن اس سائنسی تحقیق کے لئے میں ایسا کرنے میں خوشی محسوس کررہی ہوں۔ اس طبی مطالعے کو ایمیون ریس کا نام دیا گیا ہے۔
- By شمیم شاہد
خیبر پختونخوا میں عید سے قبل عائد کردہ پابندیاں بحال
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر کے مطابق تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے سے متعلق طے شدہ ایس او پیز پر دوبارہ عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ شام پانچ بجے کے بعد میڈیکل اسٹورز اور دیگر دکانوں کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی۔
ان کے بقول دکانیں ہفتے میں چار دن (پیر، منگل، بدھ اور جمعرات) شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی جب کہ حجام اور سیلون ہفتے میں تین دن (جمعہ، ہفتہ اور اتوار) کھلے رہیں گے۔
پشاور کے مختلف بازاروں میں ایس او پیز کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوزی کو روکنے کے لیے آرڈیننس لایا گیا ہے جس میں ذخیرہ اندوزوں کے لیے سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں جن میں کوئی نرمی نہیں کی جائے گی۔
پاکستان میں مزید 36 اموات، 2076 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 36 مریض چل بسے جب ملک بھر میں 2076 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1260 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 61 ہزار 226 ہے جن میں سے 20 ہزار 231 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں اموات کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی
امریکہ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 442 تک پہنچ گئی ہے۔
دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں کرونا وائرس سے امریکہ میں سب سے زیادہ اموات اور کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 56 لاکھ سے زیادہ افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 30 فی صد کا تعلق امریکہ سے ہے۔
امریکہ میں اب تک 16 لاکھ 99 ہزار 933 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران امریکہ کی مجموعی پیداوار کی شرح میں چار اعشاریہ آٹھ فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ معیشت کی بگڑتی صورتِ حال کے پیشِ نظر امریکہ کی تقریباً تمام ریاستوں نے لاک ڈاؤن یا دیگر پابندیوں میں نرمی کرنا شروع کر دی ہے۔
محکمہ محنت کے مطابق نو ماہ کے دوران ملک بھر میں تین کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔