نیوزی لینڈ کا منگل سے ہر قسم کی پابندی اٹھانے کا اعلان
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اعلان کیا ہے کہ منگل سے کرونا وائرس کے پیشِ نظر عائد کردہ ہر قسم کی پابندی اٹھائی جا رہی ہے۔
پیر کو نیوز کانفرنس کے دوران جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ کرونا وائرس ملک سے ختم ہو گیا ہے جس کے بعد سرحدوں کی بندش کے سوا ہر قسم کی پابندی منگل سے اٹھا لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیر کی شب سے ملک بھر میں الرٹ لیول ون نافذ ہو گا جس کے دوران پبلک اور پرائیوٹ تقاریب کسی بھی پابندی کے بغیر منعقد کی جا سکیں گی۔
وزیرِ اعظم کے مطابق تمام پبلک ٹرانسپورٹ، ریٹیل اور مہمان نوازی کے تمام شعبے معمول کے مطابق کھل سکیں گے۔
اداکارہ روبینہ اشرف بھی کرونا کا شکار
پاکستان ٹی وی کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
روبینہ اشرف کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جہاں اُنہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ اداکارہ کے اہل خانہ اور ساتھی فن کاروں نے ان کی صحت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
ساٹھ سالہ روبینہ اشرف کرونا وائرس کے شبے میں پچھلے کچھ دنوں سے آئسولیشن میں تھیں اور ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پاکستان ٹی وی ڈراموں سے وابستہ شخصیات روبینہ اشرف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
- By سہیل انجم
بھارت میں شاپنگ مالز، ریستوران اور عباد گاہیں کھل گئیں
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید 9983 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کیسز کی کل تعداد دو لاکھ 56 ہزار 611 ہو گئی ہے۔
بھارت میں مسلسل چھ روز کے دوران یومیہ نو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اس وبا سے اب تک بھارت میں سات ہزار 135 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
بھارت میں صحت یاب ہونے والوں کی شرح 48.35 ہے۔ اب تک ایک لاکھ 24 ہزار 95 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکومت نے پیر سے لاک ڈاؤن کی بیشتر پابندیاں اٹھا لی ہیں۔ آج سے تمام مذہبی عبادت گاہوں، شاپنگ مالز، ریستوران اور ہوٹلز کھول دیے ہیں۔
دہلی میں متعدد مساجد میں سماجی فاصلے کے ساتھ نمازِ فجر باجماعت ادا کی گئی۔ تقریباً تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کے دروازوں پر آنے والوں کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا ہے اور بغیر ماسک کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہے۔
- By علی فرقان
شاہد خاقان عباسی بھی کرونا وائرس کا شکار
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ نے شاہد خاقان کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے اتوار کو کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس جاری ہیں جس پر بعض اراکین نے اعتراض اٹھا رکھا ہے۔
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ارکان قومی اسمبلی کی بڑی تعداد ایوان کا اجلاس بلانے کے بعد کرونا کا شکار ہوئی ہے اس لیے اجلاس آن لائن بلایا جائے۔
پاکستان میں اب تک کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اس وبا میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ بعض ارکان انتقال بھی کر چکے ہیں۔
حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاہین رضا، سندھ کے صوبائی وزیر برائے کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کرونا وائرس کے سبب انتقال کرنے والوں میں شامل ہیں۔