رسائی کے لنکس

امریکہ: انسدادِ دہشت گردی کے موضوع پر کانفرنس


کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے خطاب کیا
کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے خطاب کیا

منگل کو واشنگٹن میں شروع ہونے والی کانفرنس میں 60 ملکوں کے مذہبی رہنما، پولیس اور حکومتی نمائندے شریک ہیں۔

امریکہ میں انسدادِ دہشت گردی کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے جس میں دنیا بھر میں شدت پسندی میں اضافے کے اسباب اور ان کے سدِ باب کی حکمتِ عملی پر غور کیا جارہا ہے۔

منگل کو واشنگٹن میں شروع ہونے والی کانفرنس میں 60 ملکوں کے مذہبی رہنما، پولیس اور حکومتی نمائندے شریک ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما کانفرنس کے دوسرے روز بدھ کی سہ پہر شرکا سے خطاب کریں گے جس میں وہ، وہائٹ ہاؤس کے مطابق، امریکہ میں شدت پسندی کے سدِ باب کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے مندوبین کو آگاہ کریں گے۔

اس سے قبل منگل کو کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شدت پسندی کے سدِ باب کے لیے فضائی بمباری اور زمینی حملوں کو واحد راستہ نہ سمجھے اور متبادل حکمتِ علمی ترتیب دے۔

اپنے خطاب میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کا جواب طاقت سے دینا حل نہیں اور ان اسباب پر بھی غور کرنا ہوگا جو پرتشدد رویوں کا سبب بنتے ہیں۔

کانفرنس میں امریکی شہروں لاس اینجلس، بوسٹن اور منیاپلس کے پولیس حکام بھی شریک ہیں جہاں، امریکی حکام کے مطابق، نوجوانوں کے ساتھ حکام کے براہِ راست رابطوں کے ذریعے شدت پسندی کے رجحانات کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

اوباما انتظامیہ ان شہروں میں جاری انسدادِ شدت پسندی کے منصوبوں کو مثال قرار دیتی ہے اور انہیں دیگر شہروں تک وسعت دینے کی کوششیں کر رہی ہے۔

'وہائٹ ہاؤس' کے مطابق بدھ کو کانفرنس سے اپنے خطاب میں صدر براک اوباما مندوبین کو امریکہ میں جاری انسدادِ شدت پسندی کے منصوبوں کی کامیابی سے آگاہ کریں گے اور شدت پسندی کا شکار معاشروں میں مذہبی اور نسلی اقلیتوں کے ساتھ رابطے بڑھانے پر زور دیں گے۔

XS
SM
MD
LG