رسائی کے لنکس

پاکستان کے کئی شہروں میں کیبل سروس بند


کیبل آپریٹرز ڈی ٹی ایچ سروس کو اپنے کاروبار کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں جب کہ پمیرا کا کہنا ہے اس سے ٹیکنالوجی کا جدید اور منظم بنایا جا سکے گا۔

کراچی اور پاکستان بھر کے متعدد شہروں کے باسیوں نے پیر کا دن انتہائی ’بے خبری ‘میں گزارا۔

پیغمبر اسلام کے نواسے کاچہلم ہونے کی وجہ سے دوپہر بارہ بجے سے رات دس بجے تک موبائل فون سروس بند رہی جبکہ دوپہر دو بجے سے کیبل آپریٹرز غیر معینہ مدت تک کے لئے ہڑتال پر چلے گئے اور احتجاجاًکیبل سروس بند کردی گئی۔ یوں ملک بھر میں ایک دوسرے سے رابطے اور خبروں کا سلسلہ بند پڑارہا۔

کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اگر ڈی ٹی ایچ سروس شروع کی گئی تو آپریٹرز اس کے خلاف غیر معینہ مدت تک کے لئے ہڑتال پر چلے جائیں گے ۔

خالد آرائیں کا کہنا تھا کہ ڈی ٹی ایچ سروس سے کیبل آپریٹرز کا کروڑوں روپے کی سرمایہ ڈوب جائے گاجبکہ بیروز گاری میں بھی اضافہ ہوگا ۔

خالد آرائیں کے مطابق ڈی ٹی ایچ سے کیبل سسٹم ڈیجیٹلائز تو ہوجائے گا لیکن عوام کو اس نظام سے پوری طرح آگاہی میں تین سال لگیں گے۔

ڈی ٹی ایچ سروس ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس سے ٹی وی چینلز براہ راست گھروں میں دیکھے جاسکیں گے۔ یہ سیٹیلائٹ سے جڑا پلیٹ فارم ہے جو چھوٹے سے اینٹنا کی مدد سے کام کرتا ہے۔

پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم کا کہنا ہے کہ ’ اس سروس کے عام ہونے سے کیبل آپریٹر کی ضرورت تقریباً ختم ہوجائے گی اور پیمرا کو اس سے برائے راہ راست آمدنی میں اضافہ ہوگا ۔‘

پیمرا حکام کا کہنا ہے کہ ڈی ٹی ایچ سسٹم کا کامیاب تجربہ ہوچکا ہے جس کے بعد یہ ٹیکنالوجی پاکستان میڈیا انڈسٹری میں ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگی ۔

پیمرا کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو نیلام کئے جانے کا ارادہ ہے اور اس کے لئے پہلے ہی مختلف کمپنیز کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے تاکہ انہیں لائسنس فروخت کیا جاسکے۔

یہ لائسنس پندرہ سالوں کے لئے جاری کئے جائیں گے جبکہ ان میں توسیع بھی کی جاسکے گی۔

XS
SM
MD
LG