رسائی کے لنکس

ترکی، کینیڈا اور بھارت میں اموات بڑھنے لگیں


ترکی، کینیڈا اور بھارت میں کرونا وائرس سے اموات بڑھنے لگی ہیں جس سے خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں ان ملکوں میں بھی بحران شدید ہو سکتا ہے۔ جمعرات کو ان ملکوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

لیکن، عالمگیر وبا سے سب سے زیادہ متاثر ملک بدستور امریکہ ہی ہے جہاں جمعرات کو بھی کرونا وائرس سے ڈیڑھ ہزار اموات ہوئیں، جبکہ فرانس میں 1300 اور برطانیہ میں 800 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، 209 ملکوں اور خودمختار علاقوں میں 15 لاکھ 84 ہزار مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے، جن میں 94 ہزار کا انتقال ہوگیا ہے۔

24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں 1341، برطانیہ میں 881، اٹلی میں 610، اسپین میں 446، بیلجیم میں 283، نیدرلینڈز میں 148، برازیل میں 121، ایران میں 117، سویڈن میں 106 اور جرمنی میں 102 افراد چل بسے۔

ترکی میں مرنے والوں کی تعداد 96 اور کینیڈا میں 76 رہی، جو ان ملکوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔ بھارت میں 48 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 226 ہوگئی ہے۔ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار، امریکہ میں 16 ہزار، اسپین میں 15 ہزار اور فرانس میں 12 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

امریکہ میں جمعرات کی سہہ پہر تک 1524 اموات ہوچکی تھیں۔ منگل اور بدھ، دونوں دن 1900 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکہ میں اب تک 23 لاکھ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں ساڑھے 4 لاکھ نتائج مثبت آئے ہیں۔

امریکہ کے بعد سب سے زیادہ ٹیسٹ جرمنی میں کیے گئے ہیں۔ وہاں 13 لاکھ ٹیسٹ میں ایک لاکھ 15 ہزار مثبت رہے۔ روس میں 10 لاکھ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں صرف 10 ہزار مریضوں کا پتا چلا۔ اٹلی کے ساڑھے 8 لاکھ ٹیسٹ میں ایک لاکھ 43 ہزار مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ اسپین کے ساڑھے 3 لاکھ ٹیسٹ میں ایک لاکھ 52 ہزار کیسز کا علم ہوا۔ فرانس میں 3 لاکھ 33 ہزار میں سے ایک لاکھ 17 ہزار ٹیسٹ پازیٹو آئے۔

مختلف ملکوں میں 49 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ان میں تقریباً امریکہ کے 10 ہزار، اسپین اور فرانس کے سات سات ہزار، جرمنی کے 5 ہزار، ایران کے 4 ہزار اور اٹلی کے ساڑھے 3 ہزار مریض شامل ہیں۔

چین میں حکام کے مطابق، جمعرات کو صرف 2 اموات ہوئیں اور 63 نئے کیسز معلوم ہوئے۔ وہاں اب صرف 1160 افراد بیمار ہیں جن میں 176 آئی سی یو میں ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک ساڑھے 13 لاکھ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں 77 ہزار چین، 52 ہزار اسپین، 50 ہزار جرمنی، 32 ہزار ایران، 28 ہزار اٹلی، 25 ہزار امریکہ اور 23 ہزار فرانس کے شہری ہیں۔

XS
SM
MD
LG