رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: بنگلہ دیش نے پاکستان کو ہرا کر سیریز جیت لی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش پہلی بار ون ڈے سیریز جیتا ہے۔

میزبان بنگلہ دیش نے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش پہلی بار ون ڈے سیریز جیتا ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 79 رنز سے ہرایا تھا اور یہ ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں پاکستان کی دوسری اور 1999ء کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی شکست تھی۔

اتوار کو ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ٹائگرہز نے 1ء38 اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر تمیم اقبال نے مسلسل دوسرے میچ میں بھی سینچری اسکور کی ۔ انہوں نے ایک چھکے اور 17 چوکوں کی مدد سے 116 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

دوسرے نمایاں بلے باز مشفق الرحیم رہے جو 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان اور سعید اجمل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا لیکن ایک بار پھر قومی ٹیم کے بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 36 کے مجموعی اسکور پر گری جب ابتدائی بلے باز سرفراز احمد صرف سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو کوئی رن نہ بنا سکے۔

کپتان اظہر علی نے 36 رنز بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی فواد عالم بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 77 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد رضوان صرف 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ آؤٹ ہونے والے اگلے کھلاڑی حارث سہیل تھے جو صرف چھ رنز کے فرق سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے۔

ساتویں وکٹ کی شراکت میں سعد نسیم اور وہاب ریاض نے قدرے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنایا۔ دونوں نے بالترتیب 77 اور 51 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

دونوں کھلاڑیوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے طفیل پاکستان کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے شکیب الحسن نے دو، مشرفی مرتضیٰ، عرفات سنی، روبیل حسین اور ناصر حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 22 اپریل کو کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 24 اپریل کو دورے کا واحد ٹی20 میچ ہوگا۔

دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلیں گی۔

XS
SM
MD
LG