رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: افغانستان کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو اپ سیٹ شکست


سمیع اللہ شنواری اسٹروک لگاتے ہوئے
سمیع اللہ شنواری اسٹروک لگاتے ہوئے

افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 254 رنز بنائے تھے جب کہ اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ جواباً ٹورنامنٹ کی میزبان بنگلہ ٹیم 48 ویں اوور میں 222 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

افغانستان نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو 32 رنز سے اپ سیٹ شکست دیدی ہے۔ کسی بھی ٹیسٹ پلیئنگ ٹیم کے خلاف افغانستان کی یہ پہلی فتح ہے۔

ہفتہ کو فتح اللہ میں ہونے والے میچ میں افغان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 254 رنز بنائے تھے جب کہ اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

جواباً ٹورنامنٹ کی میزبان بنگلہ ٹیم 48 ویں اوور میں 222 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔ نصف سینچری اسکور کرنے والے مومن الحق ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ناصر حسین اور ضیاء الرحمن نے 41، 41 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے محمد نبی نے 44 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاپور زدران اور حامد حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ہفتے کو کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز اسکور کیے۔

افغانستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور صرف چھ کے مجموعی اسکور پر اس کا پہلا کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔ نوے کے مجموعی اسکور پر اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

لیکن اصغر ستنکزئی اور سمیع اللہ شنواری نے قابل اعتماد میں بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالترتیب 90 اور 81 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے عرفات سنی نے دو جب کہ روبیل حسین اور مومن الحق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا پہلا ایشیا کپ کھیلنے والی افغان ٹیم کی ٹورنامنٹ میں یہ پہلی فتح ہے جب کہ میزبان بنگلہ دیش اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پاکستان پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ٹورنامنٹ کا اگلا میچ اتوار کوروایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG