رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: سری لنکا نے بنگلہ دیش کو ہرادیا


یہ بارہویں ایشیا کپ میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش کی مسلسل چوتھی شکست ہے جسے اپنے چاروں لیگ میچز ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچ میں سری لنکا نے میزبان بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

جمعرات کو ڈھاکا میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی طرف سے ابتدائی بلے باز انعام الحق 49 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ سری لنکا کی طرف سے لکمل، پریرا، مینڈس اور پریانجان نے دو، دو جب کہ ڈی سلوا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً سری لنکا نے 205 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ سری لنکا کی جانب سے اینجلو میتھیوز 74 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ چتورنگا ڈی سلوا نے 44 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے امین حسین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ بارہویں ایشیا کپ میں میزبان ٹیم بنگلہ دیش کی مسلسل چوتھی شکست ہے جسے اپنے چاروں لیگ میچز ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

سری لنکا پہلے ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جس میں ہفتہ کو اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔
XS
SM
MD
LG