رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: بھارت نے سری لنکا کو 50 رن سے ہرادیا


بنگلہ دیش میں جاری چار ملکی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن بھارت نے سری لنکا کو 50 رن سے شکست دیدی ہے۔

منگل کو ڈھاکہ میں ہونے والے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کے لیے 305 رن کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 45 اوور میں 254 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 50 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔

بھارتی اننگ کی خاص بات ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر کی سینچریاں تھیں جنہوں نے بالترتیب 108 اور 100 رن بنائے۔

اپنی 100 ویں سینچری سے ایک قدم دور ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر اس میچ میں بھی اپنا ارمان پورا نہ کرسکے اور محض چھ رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی طرف سے مہروف نے دو اور لکمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواباً سری لنکا نے 305 رن کے بڑے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 1ء45 اوور میں 254 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جیا وردھنے 78 رن کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ سنگاکارا نے 65 رن بنائے۔بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان نے 4 اور ونے کمار اور روی چندرن ایشون نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کیا۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے میزبان بنگلہ دیش کو 21 رن سے شکست دیدی تھی۔

ایشیا کپ کا تیسرا میچ جمعرات کو سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG