رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: بورڈ اور کرکٹرز کے درمیان تنخواہوں کا معاہدہ


فائل
فائل

بورڈ حکام کے مطابق معاہدے کے تحت اگلے پانچ برسوں میں ریونیو شیئرنگ کی مد میں کھلاڑیوں کو 50 کروڑ ڈالرکی اضافی آمدنی ہوگی۔

آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ (کرکٹ آسٹریلیا) اور کھلاڑیوں کی انجمن کے درمیان تنخواہوں کے معاہدے پر اتفاقِ رائے ہوگیا ہے جس کے بعد نو ماہ سے جاری تنازع ختم ہونے کا امکان ہے۔

آسٹریلیا کے ٹاپ کرکٹرز کا بورڈ کے ساتھ پانچ سالہ معاہدہ 30 جون کو ختم ہوگیا تھا جس کے بعد نئے معاہدے کی شرائط پر اتفاقِ رائے نہ ہونے کے باعث 230 کھلاڑی گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے بے روزگار تھے۔

کھلاڑیوں کے ساتھ جاری تنازع کے باعث حکام کو آسٹریلیا کی 'اے' ٹیم کا دورۂ جنوبی افریقہ منسوخ کرنا پڑا تھا جب کہ آسٹریلین ٹیم کا دورۂ بنگلہ دیش اور اس کے بعد ہونے والی بھارت کے خلاف سیریز بھی خطرے میں پڑ تی نظر آرہی تھی۔

جمعرات کو میلبرن میں ایک پریس کانفرنس میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدر لینڈ نے کھلاڑیوں کے ساتھ نئے معاہدے پر اتفاق کا اعلان کرتے ہوئے اسے کرکٹ اور آسٹریلین کھلاڑیوں کے لیے ایک خوش خبری قرار دیا۔

سدر لینڈ نے کہا کہ معاہدے کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف اگست اور ستمبر میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی اور اس کے لیے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آئندہ ہفتے شروع ہوگا۔

کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان تنازع کی ایک بڑی وجہ بورڈ حکام کی گزشتہ 20 سال سے جاری اس ماڈل کو ختم کرنے کی تجویز تھی جس کے تحت کھلاڑیوں کو ریونیو سے بھی طے شدہ فی صد کے حساب سے رقم کا مخصوص حصہ ملتا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا موقف تھا کہ یہ پرانا ماڈل ہے جس کی وجہ سے ملک میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کے لیے وسائل فراہم کرنے میں مشکل ہورہی ہے۔

تاہم کھلاڑیوں کی انجمن کا موقف تھا کہ یہ ماڈل گزشتہ 20 برس سے کامیابی سے جاری ہے اور اس کے نتیجے میں نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ کرکٹ کی صورتِ حال میں بھی بہتری آئی ہے۔

نئے معاہدے میں بورڈ نے کھلاڑیوں کا موقف تسلیم کرتے ہوئے میچز کا ریونیو ان کے ساتھ شیئر کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے ۔

بورڈ حکام کے مطابق معاہدے کے تحت اگلے پانچ برسوں میں ریونیو شیئرنگ کی مد میں کھلاڑیوں کو 50 کروڑ آسٹریلوی ڈالرز کی اضافی آمدنی ہوگی۔

آسٹریلین کرکٹرز کی یونین ایلسٹر نکلسن نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے مجوزہ معاہدے کی منظوری حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG