رسائی کے لنکس

آسٹریلیا کے خلاف کرکٹ سیریز کا شیڈول جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 28 اگست کو شارجہ میں کھیلا جائے گا جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ پانچ ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی کرکٹ سیریز کا اعلان کردیا ہے۔

جمعرات کو بورڈ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 28 اگست سے 10 ستمبر تک تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 28 اگست کو شارجہ میں کھیلا جائے گا جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ پانچ ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔

مارچ 2009ء میں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے غیر ملکی ٹیمیں سکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان آکر میچ کھیلنے سے گریزاں ہیں جس کے باعث پاکستان کو متبادل مقامات پر سیریز کا انعقاد کرنا پڑ رہا ہے۔

آسٹریلیا کے ساتھ یہ سیریز بھی پہلے سری لنکا ہی میں ہونا تھی لیکن اگست میں سری لنکن پریمیئر لیگ کے آغاز کے باعث اسے متحدہ عرب امارات منتقل کرنا پڑا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آخری بار 2010ء میں کرکٹ سیریز کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی خراب رہی اور ایک روزہ میچوں سمیت ٹیسٹ سیریز میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم ان دنوں سری لنکا کے دورے پر ہے جہاں ٹی ٹوئنٹی کی سیریز ایک، ایک سے برابر رہی جب کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز تین، ایک سے سری لنکا نے جیت رکھی ہے۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھی میزبان ٹیم کو ایک ، صفر سے برتری حاصل ہے۔
XS
SM
MD
LG