رسائی کے لنکس

دبئی ٹیسٹ: پاکستان کا آسٹریلیا کو فتح کے لیے 438 رنز کا ہدف


یونس خان (فائل فوٹو)
یونس خان (فائل فوٹو)

یونس خان ٹیسٹ میچوں میں 26 سینچریوں کے ساتھ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے پہلے اور ایک ہی ٹیسٹ میچ میں دوسینچریاں بنانے والے ساتویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں فتح کے لیے آسٹریلیا کو 438 رنز کا ہدف دیا ہے جو کہ اس کے لیے اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں سب سے بڑا ہدف ہے۔

ہفتہ کو دبئی میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 38 رنز سے دوبارہ شروع کی۔ اسے پہلا نقصان اظہر علی کے آؤٹ ہونے پر اٹھانا پڑا جنہوں نے 30 رنز اسکور کیے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 71 رنز تھا۔

احمد شہزاد اور یونس خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 168 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔ احمد شہزاد 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پہلی اننگز میں 106 رنز بنانے والے یونس خان نے دوسری اننگز میں بھی 103 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کا اسکور جب 286 رنز دو کھلاڑی آؤٹ تھا تو اس نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس وقت یونس خان کے ساتھ سرفراز احمد 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

یونس خان ٹیسٹ میچوں میں 26 سینچریوں کے ساتھ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے پہلے اور ایک ہی ٹیسٹ میچ میں دوسینچریاں بنانے والے ساتویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی طرف سے ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 454 رنز اسکور کیے تھے۔ جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 303 رنز کا آؤٹ ہوگئی تھی۔

XS
SM
MD
LG