رسائی کے لنکس

کرکٹ: آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کا میچ ٹائی


آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ سنسنی خیز مقابلہ کے بعد ٹائی ہوگیا۔

کنگز ٹاؤن میں کھیلنے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 221 رن کا ہدف دیا تھا۔ جواباً ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 4ء49 اوور میں 220 رن بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا نے میچ کا پراعتماد آغاز کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 45 اوور تک 200 رن بنا لیے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ کینگروز میزبان ٹیم کو ایک بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

لیکن آسٹریلیا کی اگلے چھ کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 20 رن کا اضافہ کر پائے اور پوری ٹیم 5ء49 اوور میں 220 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل ہسی (67) اور جارج بیلے (59) کی نصف سینچریوں نے آسٹریلوی اسکور کو مناسب سہارا فراہم کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نارائن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کیمر روچ اور مارلن سیموئلز نے 2،2 اور ڈیرن سیمی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کا آغاز کچھ اچھا نہ رہااکیسویں اوور تک میزبان ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 78 رن بنا پائی تھی اور ہدف کا حصول ناممکن نظر آرہا تھا۔ تاہم پولارڈ (36)، کارلٹن باگ (33) اور آندرے رسل (37) نے محتاط بلے باز ی کا مظاہرہ کرکے ہدف تک رسائی ممکن بنادی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنر جانسن چارلس 45 رن کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے 3، کلنٹ مک کے اور ژاویر ڈوہرٹ نے 2،2 جب کہ بریٹ لی اور ناتھن لیون نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ میں فتح حاصل کی ہے۔

سولہ مارچ کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے میزبان ٹیم کو 64 رن سے شکست دی تھی جب کہ 18 مارچ کو ہونے والا دوسرا میچ ویسٹ انڈیز 5 وکٹوں سے جیت گیا تھا۔

سیریز کا چوتھا میچ جمعہ کو سینٹ لوشیا میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG