رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کوچ مستعفیٰ


بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کوچ اسٹیورٹ لا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر پیر کو اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جون میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

اسٹیورٹ لا
اسٹیورٹ لا

سابق آسٹریلوی بلے باز نے 54 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی اور انھوں نے جولائی 2011ء میں بنگلہ دیش کی ٹیم کے کوچ کے طور پر دو سال کا معاہدہ کیا تھا۔

اسٹیورٹ لا نے صحافیوں کو اپنے استعفے کی وجوہات بتاتےہوئے کہا’’ میں ذاتی وجوہات کی بنا پر چھوڑ رہا ہے، اپنے اہل خانہ سے دور رہنا اور بچوں کو بڑا ہوتے نہ دیکھنا۔۔۔ میرا خیال ہے ہم سب سمجھتے ہیں کہ فیملی ہی اولین ترجیح ہوتی ہے۔‘‘

اسٹیورٹ لا کی زیر تربیت بنگلہ دیش کی ٹیم نے گزشتہ ماہ ایشیا کپ میں بھارت اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔

43 سالہ کوچ نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ بنگلہ دیش کا رواں ماہ دورہ پاکستان ان کے استعفیٰ کے وجہ ہے۔

ایک روزہ قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے باضابطہ طور پر دورہ پاکستان کا اعلان کیا تھا ان کی ٹیم رواں ماہ کے اواخر میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے جائے گی۔

مارچ 2009ء میں پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ایک ٹیسٹ میچ کے لیے اسٹیڈیم جاتے ہوئے دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا جس میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ چند مہمان کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے۔

اس واقعے کے بعد بین الاقوامی ٹیموں نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کیا اور اسی باعث 2011ء کے عالمی کرکٹ کپ کی شریک میزبانی سے بھی پاکستان کو ہاتھ دھونا پڑا۔

بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کو کرکٹ کے حلقے اور شائقین ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے سلسلے میں ایک خوش آئند پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG