رسائی کے لنکس

باربڈوس میں آسٹریلیا نے بھارت، اور سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جے وردھنے اِس ٹورنامنٹ میں دوسری سنچری صرف دو رن کی کمی سے مکمل نہ کرسکے، لیکن ناٹ آؤٹ رہے، اور’مین آف دِی میچ‘ قرار پائے

باربڈوس میں کھیلے گئے پہلےمیچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف مقررہ 20اووروں میں 184رنز بنا ڈالے۔ دونوں اوپنرز خاص طور پر ڈیوڈ وارنر نے بے حد جارحانہ انداز اختیار کیا اور 42گیندوں پر سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 72رنز بنائے۔

پہلی وکٹ 10:5اووروں میں 104رنز پر گِری، جب شین واٹسن 32گیندوں پر 54رنز بنانے کے بعد یوسف پٹھان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اُن کی اننگ میں چھ چھکے شامل تھے۔

دیگر نمایاں بلے بازوں میں ڈیوڈ ہسی نے دو چھکوں کی مدد سے 35رن بنائے۔ آسٹریلیائی اننگ میں 16چھکے لگائے گئےاور ایک موقع پرلگ رہا تھا کہ کینگرو بلے باز مجموعی سکور 200سے اوپر پہنچا دیں گے۔

جواب میں، بھارت کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار ہوگئی۔ اوپنر گوتم گمبیر اور وِجے مُرلی اِس ٹورنامنٹ میں سنچری سکور کرنے والے سُریش رائنا اور یووراج سنگھ آؤٹ ہوچکے تھے جب ٹیم کا سکور صرف 23رن تھا۔

کپتان دُھونی بھی صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 50پر سات وکٹیں گنوانے کے بعد واحد بھارتی بلے باز جِنھوں نے آسٹریلیا کی مضبوط باؤلنگ کا جم کر مقابلہ کیا وہ تھے روہیت شرما۔ وہ صرف 46گیندوں پر چھ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 79رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوہرے ہندسوں میں داخل ہونےوالےدوسرے بیٹس مین ہربھجن سنگھ تھے جنھوں نے 13رن بنائے۔ اِس طرح، بھارت کی پوری ٹیم 17:4اووروں میں 135رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ وارنر کو 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

اِسی میدان پر جمعے کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی 57رن سے شکست دے دی۔

سر لنکن اننگز کے ہیرو ایک بار پھر ماہیلا جے وردھنے رہے جنھوں نے صرف 56گیندوں پر 98رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

جے سوریا کو گذشتہ میچوں کے برعکس اوپن کرنے کا موقع دیا گیا لیکن وہ صرف چھ رن ہی بنا سکے۔ کپتان سنگاکارا اور جے وردھنے نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 166رن سکور کیے۔ سنگاکارا 68رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں شروع ہی سے مشکلات میں گھِر گئی اور 23کے سکور پر کپتان کِرس گیل اور چندرپال دونوں پویلین لوٹ گئے۔ ساروان 28رن کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ٹیم مجموعی طورپر 20اووروں میں 138رن ہی بنا سکی۔

ماہیلا جے وردھنے، جو اِس ٹورنامنٹ میں دوسری سنچری صرف دو رن کی کمی سے مکمل نہ کرسکے, ناٹ آؤٹ رہے، اور 'مین آف دِی میچ' قرار پائے۔

جے وردھنے اِس ٹورنامنٹ میں ابھی تک سب سے زیادہ، یعنی 289رن سکور کیے ہیں۔ آسٹریلیائی کھلاڑی شین واٹسن 139کے ساتھ دوسرے، جیکس کیلس 138رن بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں، بھارتی بلے باز سریش رائنا 129رن کے ساتھ چوتھے اور پاکستان کے سلمان بٹ 122رن بنا کر پانچویں نمبر پر ہیں۔

ہفتے کو پاکستان کامقابلہ نیوزی لینڈ سے ہے۔ دونوں ٹیموں کے لیے یہ بڑا اہم میچ ہے۔ پاکستان کی شکست دفاعی چمپین کوسیمی فائنل کی دوڑسے باہر کر سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG