رسائی کے لنکس

چیمپئنز ٹرافی کا بڑا مقابلہ، پاکستان اور بھارت آمنے سامنے


دنیائے کرکٹ کی دو روایتی حریف ٹیمیں پاکستان اور بھارت اتوار کو آئی سی سی چیمیئنز ٹرافی کے چوتھے میں میچ مدمقابل ہیں جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے اب سے کچھ دیر قبل 40 اوورز کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے تھے۔

ابتدائی بلے باز شیکھر دھوون 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہ وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روہت شرما تھے جو 91 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

بارش کے باعث میچ دو بار روکنا پڑا اور اب یہ پچاس کی بجائے 48 اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔

برمنگھم میں ہونے والے یہ میچ اس ٹورنامنٹ میں دونوں ہی ٹیموں کا یہ پہلا مقابلہ ہے جس پر سب کی نظریں جمی ہیں۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں چیمیئنز ٹرافی مقابلوں میں تین بار مدمقابل آ چکی ہیں جن میں سے دو میں پاکستان اور ایک میں بھارت کو فتح حاصل ہوئی۔

پاکستان کی ٹیم نسبتاً کھلاڑیوں کے ساتھ سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اتر رہی ہے جب کہ دوسری طرف بھارتی ٹیم میں کئی تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی میں ان دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر اگر نظر ڈالی جائے تو بھارت دو بار اس کا فاتح رہ چکا ہے جس میں ایک مرتبہ اسے سری لنکا کے ساتھ مشترکہ فاتح قرار دیا گیا تھا جب کہ پاکستان ایک بار بھی چیئمپئنز ٹرافی اپنے نام نہیں کر سکا ہے۔

دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کا اثر ان کی کھیلوں پر بھی پڑا ہے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک عرصے سے کوئی دو طرفہ کرکٹ سیریز منعقد نہیں ہوئی ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ یہ میچ بھی ان کے لیے دیگر کرکٹ میچوں کی طرح ہی ہے جب کہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے بقول ان کی ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور وہ شائقین کی توقع پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں۔

XS
SM
MD
LG