رسائی کے لنکس

تاریخی ٹیسٹ میں انگلینڈ فتح یاب، ٹنڈولکر سینچریوں کی سینچری نہ کرسکے


تاریخی ٹیسٹ میں انگلینڈ فتح یاب، ٹنڈولکر سینچریوں کی سینچری نہ کرسکے
تاریخی ٹیسٹ میں انگلینڈ فتح یاب، ٹنڈولکر سینچریوں کی سینچری نہ کرسکے

کرکٹ کی تاریخ کے 2000 ویں ٹیسٹ میچ میں میزبان ملک انگلینڈ نے بھارت کو 196 رنز سے ہرا کر 4 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

ٹیسٹ میچز میں ریکارڈ 14738 رنز بنانے والے بھارت کے اسٹار بلے باز سچن ٹنڈولکر اس ٹیسٹ میں اپنی ٹیسٹ سینچریز کی سینچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور صرف 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔

127 برس قبل انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے تاریخ کے پہلے ٹیسٹ میچ کے میزبان گرائونڈ 'لارڈز ' نے ہی 2000ویں میچ کی میزبانی کی۔ تاہم اس بار یہ مقابلہ آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر کی حامل ٹیم بھارت اور اس کی حریف انگلینڈ کے درمیان تھا جو ان دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا 100واں ٹیسٹ میچ تھا۔

پیر کو میچ کے پانچویں دن بھارت نے 80 کے مجموعی اسکور پر 458 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو اس کی 9 وکٹیں باقی تھیں۔

کھیل کے ابتدائی اوورز میں راہول ڈریوڈ 36، لکشمن 56 اور گوتم گمبھیر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو بھارت کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز تھا۔

ماسٹر بلاسٹر ٹنڈولکر نے 85 منٹ پر محیط اپنی اننگز کے دوران 68 گیندوں پر صرف 12 رنز بنائے اور دوبار آئوٹ ہونے سے بال بال بچنے کے بعد بالآخر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ سچن بھارت کی پہلی اننگز میں بھی صرف 34 رنز بنا پائے تھے۔ یوں ان کا آج کے اس تاریخی میچ میں اپنی 100 ویں ٹیسٹ سینچری اسکور کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔

ماسٹر بلاسٹر کے بعد آنے والے کپتان دھونی 16 اور ہربھجن سنگھ 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو بھارت کے 243 رنز پر 7 کھلاڑی آئوٹ ہوچکے تھے اور اسے فتح کے لیے مزید 215 رنز درکار تھے۔

تاہم پچھلی اننگز میں 0 کے اسکور پر آئوٹ ہونے والے سریش رائنا نے اس بار نسبتاً جارحانہ اننگز کھیلی اور وکٹ کا ایک اینڈسنبھالے رکھا۔ 256 کے مجموعی اسکور پر پراوین کمار کے 2 رنز بنا کر کے آئوٹ ہونے کے بعد مجموعی اسکور میں صرف 4 رنز کا اضافہ کرکے رائنا بھی اینڈرسن کی گیند پر میٹ پرائر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 78 رنز بنائے۔

بھارت کی گرنے والی آخری وکٹ ایشانت شرما کی تھی جو صرف ایک رن بناسکے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کو انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر انگلش بلے بازوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 474 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ جواباً بھار ت کی پوری ٹیم 286 کے مجموعی اسکور پر آئوٹ ہوگئی تھی۔

دوسری اننگز میں انگلش بلے بازوں نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور 269 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کرتےہوئے بھارت کو 458 رنز کا ریکارڈ ہدف دیا تھا۔ تاہم عالمی چیمپئن بھارت کی پوری ٹیم ایک بار پھر کسی قابلِ ذکر کاکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی اور 261 کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔

مذکورہ سیریز اس لیے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اگر انگلینڈ سیریز کے بقیہ 3 میچز میں سے کوئی ایک بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگیا تو بھارت کو ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر سے ہاتھ دھونے پڑینگے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 29 جولائی سے ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔

اپنے دورے کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم میزبان ملک انگلینڈ کے خلاف ایک ٹوئنٹی 20 اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG