بھارت اور انگلینڈ کے درمیان نوٹنگھم میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز میزبان ٹیم نےکھیل کےاختتام پر اپنی دوسری اننگزمیں چھ وکٹوں کے نقصان پر 441 رنز بنالیے ہیں۔ انگلش ٹیم کو 374 رنز کی سبقت حاصل ہے جبکہ اُس کی 4 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
اتوارکوجب کھیل ختم ہوا تو وکٹ کیپر مائیک پرائر 64 اور برسنن47 رنز پر کھیل رہے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 100 رنز کی شراکت ہو چکی ہے۔
اس سے قبل میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے چوبیس رن ایک کھلاڑی آوٹ پر جب کھیل دوبارہ شروع کیا تو ائن بیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 159اورمورگن نے 70 جبکہ کیون پیٹرسن نے63 رنز بنائے۔
جمعے کو شروع ہونے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارت نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور میزبان ٹیم 221 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔ لیکن جواب میں انگلش باؤلروں نے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو بڑا اسکور نہیں کرنے دیا اور بھارت کی پوری ٹیم 288 کے مجموعی سکور پر آؤٹ کردیا۔
مہمان ٹیم کی جانب سے راہول ڈراویڈنے شاندار سنچری بنائی (117)۔اُنھوں نے لارڈز میں کھیلے جانے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی سنچری سکور کی تھی لیکن وہ بھارت کو شکست سے نہ بچا سکے۔