رسائی کے لنکس

پہلی اننگز میں انگلینڈ کے تین وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی ٹیم میچ کے دوسرے روز 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ الیسٹر کک نے انگلینڈ کی طرف سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنا لیے ہیں۔

جمعہ کو دبئی میں میچ کے دوسرے دن کے آغاز پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 282 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان مصباح الحق پہلے کے دن کے اسکور میں کسی اضافے کے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے 102 رنز بنائے تھے۔

سرفراز احمد نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر کھیل کو آگے بڑھایا لیکن وہ 32 کے انفرادی اسکور پر معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں کوئی بھی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور آخری آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑی جب 83 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو قومی ٹیم کا اسکور 378 رنز تھا۔

انگلینڈ کی طرف سے معین علی اور مارک ووڈ نے تین، تین جب کہ اینڈرسن، براڈ، اسٹوکس اور عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور صرف پانچ کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ معین علی کی صورت میں گری۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی این بیل تھے جو صرف چار رنز بنا سکے۔

روٹ اور کپتان الیسٹر کک نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا۔ لیکن کک 65 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند کا شکار ہوئے۔

دوسرے دن کا جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے اور کریز پر روٹ 76 اور بائرسٹوو 27 رنز پر کھیل رہے تھے۔

تین میچوں کی سیریز کی کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG