رسائی کے لنکس

انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا،ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ڈرا


انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ پیر کے روز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں دن انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگ کا آغاز 309 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو برطانوی بلے باز ایلسٹر کک اور جوناتھن ٹروٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت جاری رکھتے ہوئے میں 329رنز بنا کر آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی سیریز میں انگلینڈ کی جانب سے اب تک کی سب سے شاندار شراکت کا ریکارڈ قائم کیا۔

ایلسٹر کک نے کپتان اینڈریو اسٹراس (110)کے ساتھ پہلی وکٹ اور بھر جوناتھن ٹروٹ (135 ناٹ آؤٹ)کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں ناقابلِ شکست 235 رنز اسکور کرکے کرکٹ لیجنڈ ڈان بریڈ مین کا برسبین کے تاریخی "گابا گراؤنڈ" پر سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔ بریڈ مین نے یہ ریکارڈ 1931 میں 226 رنز بناکر قائم کیا تھا۔

کک آسٹریلیا کی سرزمین پر ڈبل سینچری اسکور کرنے والے چوتھے انگلش کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

بعد ازاں انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس نے517 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 297 رنز کا ہدف دیا۔

جواباً آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔ کپتان رکی پونٹنگ 51 اور شین واٹسن 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سائمن کیٹچ 4 رنز بنا کر چھٹے اوور میں اسٹوورٹ براڈ کی گیند پر اینڈریو اسٹراس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ جمعہ سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG