رسائی کے لنکس

پاکستان کے خلاف میچ میں کیویز سے غلطی کہاں ہوئی؟


پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔ لیکن ماہرینِ اس مقابلے کو متوازن قرار دے رہے ہیں۔

منگل کو شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں کیویز نے جیت کے لیے پاکستان کو 135 رنز کا ہدف دیا تھا جو گرین شرٹس نے شعیب ملک اور آصف علی کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت 18 اعشاریہ چار اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

ایک موقع پر میچ پاکستان کے ہاتھ سے جاتا ہوا دکھائی دیا جب گرین شرٹس کے چار کھلاڑی 13 اوورز میں محض 75 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ اگر نیوزی لینڈ کو دیکھا جائے تو انہوں نے پہلے کھیلتے ہوئے 13 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے تھے۔

سلو پچ ہونے کی وجہ سے بلے بازوں کو بیٹنگ میں دشواری کا سامنا تھا جس کا کیویز بالروں نے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کی لیکن ڈیتھ اوورز میں شعیب ملک اور آصف علی کی جارحانہ بیٹںگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا بھی کہنا ہے کہ شارجہ کی مشکل پچ پر 135 رنز میچ کے دفاع کے لیے اچھا ٹوٹل تھا لیکن جس انداز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ کی وہ قابلِ تعریف ہے۔

میچ کے بعد بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "آپ اس طرح کے میچ میں مواقع تلاش کرتے ہیں جس میں بالرز اچھے اوورز کراتے ہیں اور ڈاٹ بالز مخالف ٹیم پر دباؤ میں اضافہ کرتی ہیں اور ایسا ہی ہم نے آئی پی ایل کے میچز میں بھی دیکھا تھا۔"

کین ولیمسن نے پاکستان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جوش سے اپنا کھیل پیش کیا۔ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور انہوں نے شارجہ میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔

آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن نے پاکستان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم دکھائی دے رہی ہے لیکن ابھی اسے طویل سفر طے کرنا ہے۔

شین وارن نے کیویز کپتان کین ولیمسن کی بیٹنگ کی بھی تعریف کی جو حسن علی کے تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے تھے۔ انہوں نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 26 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

واضح رہے کہ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کی جیت کا شاندار تناسب ہے۔ پاکستان نے اب تک اس گراؤنڈ میں 127 میچز کھیلے ہیں جس میں سے اسے 84 میں کامیابی اور 42 میں ناکامی ہوئی۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم ایونٹ میں غیر معمولی دکھائی دے رہی ہے اور وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ ان کے بقول ایونٹ میں شامل دیگر ٹیموں کی یہ دعا ہو گی کہ سیمی فائنل میں جس ٹیم کا بھی پاکستان سے مقابلہ ہو وہ اسے فائنل میں پہنچنے سے پہلے ہی شکست دے دے۔

XS
SM
MD
LG