رسائی کے لنکس

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کی تیاریاں جاری


سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے اُن کی ٹیم نے حالیہ دنوں میں بہت کم بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی اس کمی کو محسوس کر رہے ہیں لیکن آُمید ہے کہ آئندہ ہفتے کھلاڑیوں کے آپس میں چار آزمائشی میچوں سے یہ کمی کسی حد تک پوری ہو سکے گی۔

’’گزشتہ دو مہینوں سے ہم نے بین الاقوامی میچ نہیں کھیلے ہیں حتیٰ کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی مشقیں بھی نہیں کی ہیں۔‘‘

یکم جون سے سری لنکا میں کھیلی جانے والی سیریز میں پاکستان میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور تین ٹیسٹ کھیلے گا۔

سری لنکا میں اس سال ستمبر میں کھیلنے جانے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ سے قبل پاکستان آسٹریلیا کے خلاف یہاں دو ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے گا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ ان کے خیال میں کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے اور ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب کے ضمن میں یہ میچ کافی ہوں گے۔ ’’ میں اس بارے (ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ) میں کوئی پیش گوئی نہیں کرنا چاہوں گا کیونکہ اس نوعیت کے کھیل میں ہر ایک کے پاس اچھی کارکردگی دکھانے کا اچھا موقع ہوتا ہے۔‘‘

محمد حفیظ
محمد حفیظ

بدھ کو پاکستانی ٹیم کو اس وقت ایک معمولی جھٹکا لگا جب ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچوں کے لیے ٹیم میں شامل کیے گئے ابتدائی بلے باز ناصر جمشید انگلی ٹوٹنے کے باعث سری لنکا بھیجی جانے والی ٹیم سے خارج کردیے گئے۔ لیکن محمد حفیظ نے یہ امید ظاہر کی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے ناصر دوبارہ کھیلنے کے قابل ہو جائیں گے۔

پاکستان نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ مارچ میں کھیلا تھا جب بنگلا دیش میں اُس نے ایشیا کپ جیتا تھا۔

اس ٹورنامنٹ کے بعد بنگلادیش کی کرکٹ ٹیم نے اپریل میں پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھری تھی لیکن سلامتی کے خدشات کے پیش نظراُس نے اپنا دورہ منسوخ کردیا۔

بھارت میں ان دنوں کھیلی جانے والی انڈین پریمئیر لیگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھی پاکستان کا کوئی کھلاڑی حصہ نہیں لے رہا ہے جبکہ اس ٹورنامنٹ میں متعدد غیر ملکی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG