رسائی کے لنکس

آئی سی سی کی جانب سے 'آل ٹائم ون ڈے ڈریم ٹیم' کا اعلان


آئی سی سی کی جانب سے 'آل ٹائم ون ڈے ڈریم ٹیم' کا اعلان
آئی سی سی کی جانب سے 'آل ٹائم ون ڈے ڈریم ٹیم' کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل "آل ٹائم گریٹسٹ ون ڈے انٹرنیشنل الیون" کا اعلان کردیا ہے۔ سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

"آل ٹائم ون ڈے الیون" کا انتخاب دنیا بھر کے کرکٹ شائقین نے آئی سی سی کی جانب سے کرائے گئے ایک آن لائن پول کے ذریعے کیا تھا جس کے نتائج کا اعلان کرکٹ کی عالمی تنظیم نے بدھ کے روز کیا۔

آئی سی سی نے اپنی ویب سائٹ پر دنیا بھر کے کرکٹ شائقین سے شارٹ لسٹ کیے گئے 48 کھلاڑیوں میں سے "ڈریم ٹیم" کا انتخاب کرنے کا کہا تھا۔ مذکورہ پول کا انعقاد ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا اور اس پر آن لائن ووٹنگ کا عمل 22 دسمبر سے 2 جنوری تک جاری رہا۔

واضح رہے کہ کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ون ڈے میچ میلبورن کے کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 5 جنوری 1971 کو کھیلا گیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق آن لائن پول میں 97 ممالک کے چھ لاکھ سے زائد افراد نے حصہ لیا اور "آل ٹائم ون ڈے انٹرنیشنل ڈریم ٹیم" کا انتخاب کیا۔

ٹیم میں آسٹریلیا اور بھارت کے 3، 3، ویسٹ انڈیز کے 2 جبکہ جنوبی افریقہ، سری لنکا اور پاکستان کا1، 1 کھلاڑی شامل ہے۔

"آل ٹائم او ڈی آئی ڈریم ٹیم " میں بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ بطورِ اوپننگ بیٹس مین، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور ویوین رچرڈ جبکہ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ بطورِ مڈل آرڈر بیٹس مین اور بھارت کے کپیل دیو کو بطورِ آل راؤنڈر منتخب کیا گیا ہے۔

ٹیم میں آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ "آل ٹائم ڈریم وکٹ کیپر"، سری لنکا کے مرلی دھرن بطورِ اسپنر، جبکہ پاکستان کے وسیم اکرم، آسٹریلیا کے گلین مک گرا اور جنوبی افریقہ کے ایلن ڈونلڈ فاسٹ بالرز کی حیثیت سے منتخب کیے گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے مائیکل بیون کو بارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہیں "ڈریم ٹیم" میں شامل کیے گئے کھلاڑیوں کے بعد سب سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے۔

پول میں 10 یادگار ون ڈے میچز میں سے کسی ایک میچ کو اب تک کے " آل ٹائم فیورٹ ون ڈے " منتخب کرنے کے سوال کے جواب میں شائقینِ کرکٹ نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ کی تاریخ کے 438 ویں ون ڈے میچ کا انتخاب کیا۔ 2006 میں جوہانسبرگ میں کھیلے گئے اس میچ میں پروٹیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 434 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے مذکورہ پول کا انعقاد آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے 50 اوورز میچز کے کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی مشترکہ میزبانی میں 19 فروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2011 میں کل 14 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG